صنعتوں کو سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح، وزیرمحنت

صنعتوں کو سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح، وزیرمحنت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی سے کراچی کی تمام سائٹ ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں نے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور سعید غنی کو کراچی میں پیپلز پارٹی کی بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

 صنعتکاروں نے صوبائی وزیر کو انڈسٹریل زونز کو درپیش مشکلات اور مختلف فیکٹریوں کے ملازمین کی سیسی اور ورکرز ویلفیئر بورڈ میں رجسٹریشن سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ سعید غنی سے ملاقات کرنے والوں میں فراز الرحمن، دانش خان، مسلم محمدی، نگہت اعوان، ریاض الدین، عبدالقادر بلوانی، چودھری سہیل عبداللہ، محمد عبداللہ عابدو دیگر شامل تھے ۔ سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح صنعتوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی ہے، سندھ حکومت نے گزشتہ چار سال کے دوران صنعتی علاقوں کو درپیش مسائل بالخصوص روڈ انفرااسٹرکچر و دیگر کے لئے جو کاوشیں کی ہیں ان کا خود صنعتکار اعتراف کر چکے ہیں۔ سعید غنی نے صنعتکاروں اور تاجروں کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ انہیں ماحولیات، انفرااسٹرکچر سمیت جو بھی مسائل ہیں ان کو حل کرنے کے لئے نہ صرف وہ خود کوشاں رہیں گے بلکہ تمام متعلقہ وزرا کے ساتھ جلد ہی اجلاس منعقد کرا کر ان تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں