گورنر ہاؤس میں اساتذہ، طلبااور عام افراد کے اعزاز میں دعوت افطار

گورنر ہاؤس میں اساتذہ، طلبااور عام افراد کے اعزاز میں دعوت افطار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے رمضان المبارک کے پہلے دن مختلف جامعات کے اساتذہ، طالب علموں اور عام افراد کے اعزاز میں گورنر ہاؤس میں دعوت افطار کا اہتمام کیا۔

 افطار میں جامعہ کراچی، اقرا دارالعلوم احتشامیہ، انڈس ویلی، جناح یونیورسٹی برائے خواتین کے اساتذہ کرام و طالب علموں اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ گور نر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں پورے رمضان المبارک مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور عام لوگوں کے لئے افطار کا اہتمام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواص کی افطار پارٹیوں کے لئے مخصوص گورنر ہاؤس میں عام افراد بھی افطار کر سکیں گے، پہلے دن اساتذہ اور طالب علموں کو مدعو کیا گیا ہے، اسی طرح باقی شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی دعوت دی جائے گی۔ گورنر ہاؤس میں رمضان المبارک کے پہلے دن افطاری کے لئے آنے والے تمام افراد کا استقبال گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے خود کیا۔ اس موقع پر انہوں نے افطار کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ حاجی حنیف طیب، دیگر علما کرام اور مدارس کے بچوں نے بھی افطار ڈنر میں شرکت کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں