گیس کی لوڈشیڈنگ،بعض علاقوں میں سحری میں بھی چولہے ٹھنڈے رہے،شہری پریشان

گیس  کی   لوڈشیڈنگ،بعض  علاقوں  میں  سحری  میں  بھی  چولہے  ٹھنڈے  رہے،شہری  پریشان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں رمضان المبارک کے پہلے روز بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ جاری رہی، بعض علاقوں میں سحری کے اوقات میں بھی چولہے ٹھنڈے رہے اور شہریوں نے بازار سے تیار شدہ سحری سے روزہ رکھا۔

 شہریوں کے مطابق پی آئی بی کالونی، اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10، اختر کالونی، اعظم ٹاؤن، محمود آباد، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال اور دیگر علاقوں میں جمعرات کی صبح 6 بجے سے گیس کی فراہمی بند رہی، جبکہ ایس ایس جی سی کی جانب سے صبح 8 بجے سے دوپہر دو بجے تک لوڈشیڈنگ کا اعلان کیا گیا تھا۔ گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤن ،گھگھر پھاٹک ،پپری، میمن گوٹھ، قائد آباد، ملیر،شرافی گوٹھ و دیگر علاقوں میں سحری کے بعد گیس کی لوڈشیڈنگ شروع کی گئی، جو بعض علاقوں میں عصر تک جاری رہی۔ علاقہ مکینوں نے بتایاکہ بچے، بزرگ اور بیمار جو روزہ نہیں رکھ سکتے ان کے لیے دن کے اوقات میں کھانا بنانا مشکل ہوگیا ہے۔ علاقہ مکینوں کو دن کے اوقات میں بھی گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کے مطابق رمضان المبارک کے آغاز پر گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو سخت پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، کیونکہ یکم رمضان سے گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ کو تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ اس میں اضافہ بھی کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح کے الیکٹرک نے بھی ملیر کے دیہی علاقوں اور دیگر فیڈر پر 14 گھنٹے بجلی بند کرنے کا شیڈول جاری کیا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں