ادارہ ترقیات کے زیرانتظام علاقوں میں روڈ کٹنگ جاری

 ادارہ ترقیات کے زیرانتظام علاقوں میں روڈ کٹنگ جاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ادارہ ترقیات کراچی کے زیرانتظا م علاقوں میں روڈ کٹنگ کا سلسلہ نہ رک سکا، اسکیم33 میں تقریباً 9 کلومیٹر تک سڑکیں کھود دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق روڈ کٹنگ کاسلسلہ اسکیم36 میں بھی جاری ہے ۔

روڈ کٹنگ کی مسلسل اطلاعات پر اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف انجینئر کے ڈی اے موجودہ صورتحال کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئے ہیں، جس پر ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے محمد علی شاہ کو خود میدان میں آنا پڑ گیا ہے ، صرف6 لاکھ کے چالان پر اسکیم33 میں تقریباً 9 کلومیٹر کچی اور پکی دونوں سڑکیں بے دردی سے کاٹ دی گئی ہیں، جس پر چیف انجینئر کے ڈی اے نے 7 مارچ کو ایک نمائشی کارروائی کرتے ہوئے این او سی منسوخ کرنے کا لیٹر جاری کیا تھا اور این او سی جاری کرنے والے افسر سے جواب طلبی کا لیٹر جاری کرکے فائل کا پیٹ بھردیا تھا، جبکہ دوسری طرف اسکیم 33 میں پکی اور مضبوط سڑکوں کو کاٹا جاتا رہا، جس میں یوسف لدھیانوی روڈ بھی شامل ہے۔ چیف انجینئر کے ڈی اے کی منظوری سے اسکیم36 میں بھی روڈ کٹنگ کا اجازت نامہ جاری کردیا گیا اور اس مد میں 38 لاکھ کا چالان جاری کرکے کروڑوں کی لاگت سے ایک ماہ قبل ہی تعمیر کی گئی بلاک15 گلستان جوہر کی سڑکیں کاٹنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں