کارکنان کے دلوں سے جیلوں کا خوف نکل گیا،آفتاب صدیقی

 کارکنان کے دلوں سے جیلوں کا خوف نکل گیا،آفتاب صدیقی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے انصاف ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ رانا ثنا کے کل کے بیان سے واضح ہوگیا ان کو شکست نظر آگئی ہے ۔۔

ن لیگ کا مقابلہ عوام کے ساتھ ہے اور عوام عمران خان کے ساتھ ہے ، لاہور جلسہ دیکھ کر یہ گھبراگئے ہیں۔اس موقع پر خرم شیر زمان، شہزاد قریشی،سعید آفریدی، ملک شہزاد اعوان، صائمہ ندیم، فضہ ذیشان ،عدنان اسماعیل، نواز مندوخیل سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ آفتاب صدیقی نے کہاکہ یہاں نظام ن لیگ کا یرغمال ہوگیا ہے ، پی ٹی آئی کے ورکرز کے دلوں سے جیلوں کا خوف نکل گیا ہے ،جمشید ٹاؤن کی پولیس کا حسان نیازی سے کیا تعلق جو مقدمہ درج ہوا۔ اگر یہ ایسی حرکات کریں گے تو مکافات عمل ہوگا۔ یہاں جس کی لاٹھی اس کی بھینس والا حساب ہے ، لگتا ہے جیلیں بنی تحریک انصاف کیلئے ہیں۔ارسلان تاج نے کہا کہ رانا ثنا کا بیان ان کی شکست کا ثبوت ہے ، آئین پکوڑے رکھنے کیلئے رہ گیا ہے ، یہ جانتے ہیں غیر آئینی حرکت پر عدالتیں نوٹس لیں گی اس لیے عدلیہ کیخلاف مہم چلائی جارہی ہے ۔پریس کانفرنس میں ارشد صدیقی کے بھائی اسامہ صدیقی نے کہا کہ ارشد بھائی کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے سے پولیس نے انکار کیا، اہل خانہ صدمے میں ہیں۔ ایڈووکیٹ شجاعت علی نے کہاکہ دہشت گردی کے مقدمے سندھ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں