اشیاضروریہ کم نرخ پرفراہمی کیلئے پرعزم ہیں،سریندرولاسائی

 اشیاضروریہ کم نرخ پرفراہمی کیلئے پرعزم ہیں،سریندرولاسائی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے انسانی حقوق سریندر ولاسائی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ ماہ رمضان کے مقدس مہینے کے دوران اشیا ضروریہ کم نرخ پر فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔

 عوام انتظامیہ سے تعاون کرتے ہوئے منافع خوروں کی نشاندہی کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومت کی جانب سے ماڈل کالونی کے علاقے میں منعقد بچت بازار کا دورہ کرنے کے دوران شہریوں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سریندر ولاسائی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے منافع خوروں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایات دے رکھی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ شہری اشیا ضروریہ کی خریداری کے دوران تاجروں سے ریٹ لسٹ دکھانے کا مطالبہ کریں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر اشیا نہ خریدیں، انتظامیہ سے تعاون کریں اور قانونی کارروائی کے لیے منافع خوروں کی نشاندہی کریں۔ دریں اثنا معاونِ خصوصی نے بچت بازار میں لگائے گئے مختلف اشیا کے اسٹالز کا دورہ کیا، ریٹ لسٹ اور اشیا کا معیار بھی چیک کیا۔ سریندر ولاسائی نے موجود شہریوں سے بھی بچت بازار کے حوالے سے آرا معلوم کیں۔ شہریوں نے حکومتِ سندھ کی جانب سے ماہِ رمضان کے دوران بچت بازار کے اقدام کو سراہا اور بازار کے انتظامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولت کے لیے اسٹالز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں