حیدرآباد میں گراں فروشوں پر لاکھوں روپے کے جرمانے

حیدرآباد میں گراں فروشوں پر لاکھوں روپے کے جرمانے

حیدر آباد، اندرون سندھ (نمائندگان دُنیا) ایڈیشنل کمشنر ون فرخ شہزادقریشی نے تعلقہ سٹی میں گراں فروشوں کیخلاف سرکاری قیمتوں پرعملدرآمد کے سلسلے میں کارروائیوں میں حصہ لیا ۔ اس موقع پر مختلف مارکیٹس میں سرکاری قیمتوں کی خلاف ورزی کرنے والے 22 دکانداروں سے 2 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا ۔

 تعلقہ لطیف آباد میں 10  تاجروں سے ایک لاکھ 40 ہزار روپے ،تعلقہ دیہی میں احترام رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی پر دو ہوٹلوں سے 10 ہزار روپے ،قاسم آباد میں سرکاری قیمتوں کی خلاف ورزی پر چار تاجروں سے 10 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا ۔ دریں اثنا صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو نے قاسم آبادمیں لگائے گئے بچت بازارکا اچانک دورہ کر کے اشیائے ضروریہ کے مختلف اسٹالز کا جائزہ لیا اور منتظمین کو ہدایت کی کہ اشیا کی سرکاری قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنائیں ۔کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن نے ٹنڈو محمد خان کی تحصیل بلڑی شاہ کریم میں بچت بازار کا دورہ کیا اور مختلف اشیا کے اسٹالز کا معائنہ کیا اور ان کے معیار کو چیک کیا ۔ بعد ازاں کمشنر حیدرآباد نے بلڑی شاہ کریم کے مین بازار اور ٹنڈو محمد خان شہر میں مختلف دکانوں کا دورہ کیا اور زائد قیمتیں وصول کرنے والے دکانداروں پر جرمانے بھی عائد کیے۔ نواب شاہ سے نمائندے کے مطابق عوام کو ماہ رمضان کے دوران ریلیف فراہم کرنے اور بچت بازاروں میں اشیائے خورونوش کی موجودگی کو یقینی بنانے کی غرض سے تحصیل نواب شاہ کے لئے مقرر کردہ معاون خصوصی جاوید نایاب لغاری کی زیر صدارت ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں ہوا جس سے خطاب کے دوران جاوید نایاب لغاری نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ نواب شاہ کے بچت بازار میں تمام اشیائے خورونوش کی وافر مقدار میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے ۔بعد ازاں انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گول چکرہ کے مقام پر لگائے گئے رمضان بچت بازار کا دورہ کرکے اشیا کی قیمتیں اور معیار چیک کیا اور دکانداروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بچت بازار کے اسٹالز پر پرائس لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کی جائے ۔انہوں نے بیورو آف سپلائیز کے افسران کو مارکیٹوں میں سبزیوں، پھلوں سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی ہدایت دی۔ سجاول سے نمائندے کے مطابق پیپلز پارٹی ضلع سجاول کے صدر ایم پی اے محمد علی خان ملکانی نے حکومت سندھ کی ہدایات پر سجاول میں قائم رمضان بچت بازار کا دورہ کیا اور وہاں مختلف اشیا کے نرخ معلوم کئے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ رمضان المبارک کے علاوہ بھی سجاول سمیت دیگر شہروں میں ہفتہ وار بچت بازار لگائے جائیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل ہو سکیں۔ ماتلی میں ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان نے مقامی انتظامیہ اور تاجر برادری کے تعاون لگنے والے رمضان بچت بازار کا دورہ کیا اور کہا کہ سندھ حکومت کی ہدایات پر ماتلی سمیت پورے ضلع بدین میں بازار لگانے کا سلسلہ جاری ہے ۔مقامی تاجر برادری سمیت اشیائے خورو نوش فروخت کرنے والے ڈیلرز کے تعاون سے ہی انہیں کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں