خانپورمہر،شوہر اور سسر کے ہاتھوں خاتون سیاہ کاری پر قتل

خانپورمہر،شوہر اور سسر کے ہاتھوں خاتون سیاہ کاری پر قتل

خانپور مہر، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا، بیورو رپورٹ) خانپور مہر کے نواحی گاؤں کیچی گبول میں سومرو گبول نے اپنے باپ گل حسن گبول کے ساتھ مل کرسیاہ کاری کے الزام میں اپنی بیوی 20 سالہ صائمہ کو گلے میں رسی کا پھندا لگا کر قتل کر دیا۔

پڈعیدن میں قومی شاہراہ پر علی پٹرول پمپ کے قریب تیز رفتار ٹریلر نے آگے جانے والی موٹر سائیکل پر سوار 60 سالہ مشتاق احمد جیسر اور دس سالہ قادر بخش جیسر ٹکر مار کر ہلاک کردیا پولیس کے مطابق دونوں افراد دادا پوتا بتائے جاتے ہیں،دادا اپنے پوتے کو اسکول چھوڑنے جارہا تھا۔ محراب پور سے نمائندے کے مطابق جاں بحق مشتاق جیسر کامریڈ علی گل جیسر کا بھائی تھا۔ واقعے پر مشتعل افراد نے اسپتال میں توڑ پھوڑ کی اور لاشیں قومی شاہراہ پر رکھ کر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کے زخمی پولیس اور ڈاکٹر نا اہلی کی بھینٹ چڑھے ہیں۔پولیس کے مطابق ٹریلر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے ۔  پنوعاقل میں قومی شاہراہ پر بائجی پولیس اسٹیشن کی حدود میں تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر سے لوڈر رکشہ پر سوار نوجوان ذیشان بھٹو جاں بحق اور مولا بخش بھٹو شدید زخمی ہو گیا۔ کھپرو میں سانگھڑ روڈ بھٹہ اسٹاپ پر دو موٹرسائیکلوںکے تصادم میں زخمی محرم منگنھاڑ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔ جبکہ کھپرو کے نواحی گاؤں کھانی راجڑ میں زمیندار الہ ڈنو راجڑ کی زمین پر گندم نکالتے نوجوان آصف سولنگی مشین میں آنے سے ہلاک ہوگیا۔ لاڑکانہ شہر کے قریب تھانہ پیر شیر ایٹ عاقل کے کچے کے گائوں تاج محمد جتوئی میں 18 سالہ سرفراز جتوئی نے مبینہ طور پر گھر کے اندر اجرک سے پھندا لگاکر خودکشی کرلی۔ سکھر کے سول اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کے سامنے قائم کچرا کنڈی سے گز شتہ روز نومولود بچے کی لاش ملی جبکہ تھانہ قادرہ پور کی حدود گوٹھ فقیر محمد بڈانی کچا ایریا قادرہ پور میں نامعلوم مسلح افراد نے پرانی دشمنی کی بناپر محمد نواز بڈانی عمر 25 سال کو ٹی ٹی پستول سے فائر کرکے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے ۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز پسند کی شادی کرنے والے رینجرز اہلکار اور اسکی بیوی کے قتل کا مقدمہ 8 ملزمان کے خلاف تھانہ بی سیکشن میں اے ایس آئی احسان شیخ کی مدعیت میں ایک خاتون سمیت 6 نامزد اور دو نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔ گمبٹ کے سٹی اسپتال میں رانی پور کی 50 سالہ ایمان خاتون کو زچگی کے آپریشن کے لئے لایا گیا تاہم وہ مبینہ طور پر ڈاکٹر کی غفلت کے باعث دم توڑ گئی جس پر اسکے ورثا نے سٹی اسپتال میں احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ خاتون کو صحیح سلامت اور نارمل آپریشن کے لئے گمبٹ سٹی اسپتال لائے تھے تاہم مبینہ طور پر 80، 90 سال کے ریٹائرڈ ڈاکٹروں نے مریضہ کو جونیئر ڈاکٹرز کے حوالے کردیا جن کی ناتجربہ کاری نے ہماری مریضہ کی جان لے لی ۔دوسری جانب اسپتال کے ایم ایس کا کہنا ہے کہ بلڈ پریشر کم ہونے کی وجہ سے مریضہ کی موت واقع ہوئی۔ کنڈیارو کے شاہ ذکریا محلے میں آوارہ کتوں نے چار افراد کو کاٹ کر زخمی کردیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں