روہڑی،یومیہ ہزاروں مسافرکا ٹرینوں میں بغیرٹکٹ سفر
روہڑی، پنگریو (نمائندگان) کوئٹہ تا روہڑی اورروہڑی تا کراچی مسافر ٹرینوں میں ایک بار پھر مسافروں کو ریلوے پولیس اور بیشتر ریلوے عملے کی ملی بھگت کے باعث بغیر ٹکٹ سوار کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔
اور روزانہ درجنوں ٹرینوں میں ہزاروں مسافروں کو بغیر ٹکٹ سوار کرانے سے ریلوے سکھر ڈویژن سے ماہانہ لاکھوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے ۔اطلاعات کے مطابق ریلوے پولیس کے بیشتر اہلکار،قلی اور گارڈز مبینہ طور پر مسافرٹرینوں کی اکانومی کوچ اور لوئر اے سی اور بیشتر مسافر گاڑیوں کی ڈائننگ کارز و گارڈوں کے ڈبوں، بریک، پاور پلانٹ کوچوں میں مسافروں کو سرکاری ٹکٹوں کی قیمتوں سے کم رقم لیکر نہ صرف سوار کراتے ہیں بلکہ ان کو نشستیں بھی فراہم کرتے ہیں جن کی وجہ سے ٹکٹ لیکر سفر کرنیوالے مسافر اکثر و بیشتر اپنی سیٹوں اور برتھوں سے محروم نظر آتے ہیں۔ پنگریو سے نمائندے کے مطابق ورلڈ بینک کی فنڈنگ سے منظورہونیوالے شادی اسمال واہ کی سی سی لائننگ کے پراجیکٹ میں مبینہ طور پر انتہائی غیر معیاری میٹریل کے استعمال کی وجہ سے کنکریٹ کی دیواروں اور فرش میں کام مکمل ہونے سے قبل ہی دراڑیں پڑگئی ہیں جسکی وجہ سے ایک ارب روپے سے زائد لاگت کایہ منصوبہ ناکام ہونے کاخدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ آبادگاروں کے مطابق شادی اسمال واہ کے ترقیاتی کام میں سستااوربارشوں میں بھیگنے کے باعث پتھربن جانے والا سیمنٹ استعمال کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے کنکریٹ کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں اورفرش بھی مختلف مقامات سے ٹوٹ چکا ہے اس لیے جیسے ہی نہر میں پانی چھوڑا جائے گا تو دیواریں گر جائیں گی اور نہ صرف نہر کو نقصان پہنچے گا بلکہ پنگریو شہر سمیت آس پاس کے دیہات کا زرعی اور پینے کا پانی بند ہو جائیگا ۔پراجیکٹ میں محکمہ آبپاشی کے افسران اور ٹھیکیدار نے کروڑوں روپے کی کرپشن کی ہے ۔ انہوں نے ڈونرایجنسی ورلڈ بینک سمیت نیب ،اینٹی کرپشن اوردیگرتحقیقاتی اداروں سے کرپشن کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔