سوئی سدرن کی فیلڈ میں تکنیکی خرابی ، گیس فراہمی میں مزید تعطل کا خدشہ
کراچی (رپورٹ: مظہر علی رضا) رمضان المبارک کے دوران کراچی میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے۔۔
جبکہ سوئی سدرن کمپنی کی ساون فیلڈ میں تکنیکی خرابی کے باعث مزید45ایم ایم سی ایف ڈی گیس سسٹم سے نکل گئی ہے، جس کے بعد شہر قائد میں گیس کی فراہمی میں مزید تعطل کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن کمپنی اپنے دعووں کے برعکس کراچی کے شہریوں کو سحر و افطار کے اوقات میں گیس کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے ۔ شہر کے بیشتر علاقوں کے صارفین کو سحر و افطار کے اوقات میں گیس کی عدم دستیابی کے مسائل سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔گیس کی فراہمی سے محروم علاقوں میں روزہ دار سحر و افطار کے لئے ہوٹلوں اور باہر کے کھانوں پر انحصار کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ سوئی سدرن گیس کمپنی نے ماہ رمضان کے دوران سحر اور افطار کے اوقات میں صارفین کو گیس کی فراہمی ممکن بنانے کیلئے صبح آٹھ بجے سے دوپہر ڈھائی بجے تک گیس کی لوڈ شیڈنگ کا بھی اعلان کیا تھا، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ کے اوقات کے ساتھ ساتھ سحر و افطار اور رات دس بجے کے بعد بھی گیس کی فراہمی میں تعطل کی شکایات ہیں۔
روزہ داروںکے لئے سحر اور افطار کے ساتھ ساتھ رات کے کھانے کیلئے انتظامات کرنا بھی دشوار ہوگیا ہے۔ دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی کی ساون فیلڈ میں تکنیکی خرابی کے باعث 45ایم ایم سی ایف ڈی گیس سسٹم سے نکل گئی ہے، جس کے بعد شہر میں گیس کے بحران میں مزید شدت آنے کا امکان ہے۔ اس وقت بھی شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس کے کم پریشر اور اچانک گیس غائب ہونے کی شکایات عام ہیں۔ ان علاقوں میں نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد،گلستان جوہر، اورنگی، کورنگی، لانڈھی، بلدیہ کالونی،لیاقت آباد ،ہجرت کالونی،گارڈن، ڈی ایچ اے ،صدر ،گڈاپ ،کاٹھور، اسکیم 33، ملیر، ماڈل کالونی، شاہ فیصل کالونی، قائد آباد اور دیگر شامل ہیں۔ ایس ایس جی سی کو مجموعی طور پر 300 ایم ایم سی ایف ڈی سے زائد گیس کمی کا سامنا ہے اور ایس ایس جی سی کے سسٹم میں گیس بحران کی وجہ سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔