بینظیر بھٹو لیاری یونیورسٹی کے ملازمین کا پریس کلب پر احتجاج
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) آل ایمپلائز شہید بے نظیر بھٹو لیاری یونیورسٹی کراچی کے ملازمین نے جامعہ انتظامیہ کے خلاف بدھ کے روز کراچی پریس کلب پر احتجاج اور نعرے بازی کی۔
اس موقع پر ملازمین کی بڑی تعداد نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ، جن پر لیاری یونیورسٹی کو تباہی سے بچایا جائے ،یونیورسٹی میں مستقل چانسلر اور رجسٹرار تعینات کیا جائے، ملازمین کو الاؤنس اور حج اسکیم سے محروم کرنا نا منظور کے نعرے درج تھے۔ اس موقع پر آل ایمپلائز شہید بے نظیر بھٹو لیاری یونیورسٹی کراچی کے رہنماؤں نے فنڈز کی عدم موجودگی کو جواز بنا کر حج پالیسی بند کرنے کی شدید مذمت کی اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی، وزیر اعلیٰ سندھ ،پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور ضلع جنوبی کے ذمہ داران سے اپیل کی کہ موجودہ وائس چانسلر شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری کے ڈاکٹر سراج میمن اور ان کی انتظامیہ کو من مانیوں سے باز رکھا جائے۔ آل ایمپلائز شہید بے نظیر بھٹو لیاری یونیورسٹی کراچی کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ سینڈیکیٹ سے منظور شدہ حج پالیسی جو گزشتہ 6 برس سے چلتی آ رہی ہے جامعہ کی موجودہ انتظامیہ نے فنڈز کی عدم موجودگی کو جواز بنا کر بند کر دی ، جبکہ ڈمی رجسٹرار ڈاکٹر ظفر شیخ کے ذاتی اخراجات اور گاڑیوں کا ایندھن مبینہ طور پر یونیورسٹی فنڈز میں سے خرچ کیا جا رہا ہے ۔