انجکشن لگا کر مریضہ کولوٹنے والی جعلی ڈاکٹرگرفتار

انجکشن لگا کر مریضہ کولوٹنے والی جعلی ڈاکٹرگرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سٹی پولیس نے جعلی لیڈی ڈاکٹر کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس نے سول اسپتال کراچی میں ایک مریضہ کو انجکشن لگانے کے بعد لوٹ لیا تھا۔

اسپتال انتظامیہ اور سیکیورٹی عملے نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے مریضہ کو لوٹنے والی خاتون کی شناخت کرلی۔ تفصیلات کے مطابق 17 مارچ کو لیب کوٹ پہنے ایک خاتون ڈاکٹر ہونے کا بہانہ بنا کر اسپتال کے کارڈیالوجی وارڈ میں داخل ہوئی۔ خاتون مریضہ کا معائنہ کرنے کے لئے کمرے کے اندر گئی۔ جعلی ڈاکٹر نے مریضہ کو انجکشن لگایا، جس سے مریضہ پر غنودگی طاری ہوگئی، پھر جعلی ڈاکٹر نے اس کے پرس سے چیزیں نکالیں اور غائب ہوگئی۔ جب مریضہ بیدار ہوئی تو اس نے دیکھا کہ اس کے ہینڈ بیگ میں سے کچھ چیزیں غائب تھیں، اس نے معاملے کی اطلاع پولیس کو دی، جس نے اسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے جعلی لیڈی ڈاکٹر کی شناخت کرکے اسے گرفتار کرلیا۔ ڈسٹرکٹ سٹی کے ایس ایس پی عارف عزیز نے بتایا کہ گرفتار جعلی ڈاکٹر کی شناخت رقیہ کنول کے نام سے ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملزمہ کو عیدگاہ پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ افسر نے بتایا کہ ملزمہ اب تک ایک کیس میں ملوث پائی گئی ہے، لیکن اس بات کا پتا لگانے کے لیے تفتیش جاری ہے کہ کیا وہ صرف اس کیس میں ملوث تھی یا پیشہ ور ڈاکو ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں