بجلی و گیس کی بندش،عیسیٰ نگری اورتین ہٹی پر احتجاج

بجلی و گیس کی بندش،عیسیٰ نگری اورتین ہٹی پر احتجاج

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عیسیٰ نگری اورتین ہٹی کے مکینوں نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور گیس کی عدم فراہمی پر مرکزی شاہراہ بلاک کرکے احتجاج شروع کردیا، جس کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔۔۔

 اورگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید اذیت کاسامنا کرنا پڑا۔ مشعل مظاہرین کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے نمائندوں کو استعفیٰ دے دینا چاہیے ، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈ نگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے، 24 گھنٹے میں صرف چھ سے آٹھ گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے، صبح، دن اور رات کے اوقات میں چار چارگھنٹے کی لوڈ شیڈنک کی جارہی ہے، پانی کا بھی بحران پیدا ہوگیا ہے۔ دوسری جانب سوئی گیس کمپنی نے بھی کے الیکٹرک کی طرح شہریوں کی زندگی اجیرن کررکھی ہے، سحری اور افطار کے وقت گیس کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے، انتہائی کم پریشر ہونے کے سبب دو کپ چائے بھی ایک گھنٹے میں بن رہی ہے، اس وجہ سے مکینوں کو سحری اور افطاری باہر سے خرید کر لانا پڑ رہی ہے۔ مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ ہم غریب لوگ ہیں، سندھ حکومت کی طرح امیر نہیں کہ باہر سے آرڈر کرکے روز افطار ی اور سحری منگوائیں، تاہم مشتعل افراد نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹائر نذر آتش کیے، جس کی وجہ سے عیسیٰ نگری سے سر شاہ سلیمان روڈ ، حسن اسکوائر اور لیاقت آباد جانے والی دو نوں سڑکوں پربدترین ٹریفک جام رہا ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں