خانپورمہر،پانی کے گڑھے میں ڈوب کرتین بچے جاں بحق

خانپورمہر،پانی کے گڑھے میں ڈوب کرتین بچے جاں بحق

خانپور مہر، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا، بیورو رپورٹ) گھوٹکی کی تحصیل خانپورمہر میں ایک ہی خاندان کے تین کمسن بچے گڑھے میں جمع پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ،بچوں کی عمریں پانچ سے آٹھ سال تھیں ۔

خانپور مہر کے نواحی گاؤں گلزار مہر میں محکمہ ہائی وے کی جانب سے سڑک کی تعمیر کے دوران اٹھائی گئی مٹی کے گڑھے میں پانی جمع تھا جس میں دو کمسن بہن بھائی ندیم اور شہلا جبکہ ان کا چچا زاد بھائی زاہد کھیلتے ہوئے گر گئے اور بے ہوش ہوگئے تینوں بچوں کو اہل خانہ نے اسپتال منتقل کیا تاہم وہ دم توڑ گئے ۔ دریں اثنا صوبائی مشیرمیر بنگل خان مہرنے نواحی گاؤں گلزارمہر پہنچ کر متاثرہ خاندان سے انتہائی دکھ کا اظہار کیا۔ میرپورخاص میں گزشتہ شب سٹی بینکویٹ کے قریب دو کاروں میں ریس لگانے والے اوباش نوجوانوں کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار دو نوجوان اعظم بلوچ اور اعجاز بلوچ شدید زخمی ہوگئے جن میں سے اعظم اسپتال لیجاتے ہوئے جبکہ اعجاز اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔ کنری کے قریب خلیل آباد کے گاؤں رانو کپری میں آم کے درخت سے 37 سالہ شخص حیات کپری کی پھندا لگی لاش ملی، متوفی کے ورثانے الزام عائد کیا کہ مقتول کا چچا اور ان کے بیٹوں کے ساتھ دو سال سے زرعی زمین کا تنازع چل رہا تھا جس پر شبہ ہے کہ حیات کپری کو قتل کیا گیا ہے جبکہ دوسرے واقعے میں نبی سر تھانے کی حدود گاؤں ہوتھی خان چانڈیو میں گھر سے مبینہ طور پر گھریلو جھگڑوں سے تنگ نوجوان شادی شدہ خاتون ماروی زوجہ ہریرام کولہی کی پھندا لگی لاش ملی ہے۔ لاڑکانہ شہر کے تھانہ حیدری کی حدود لہر کالونی میں 17 سالہ ثنااللہ عرف سونو تھیم نے مبینہ طور پر گھریلو جھگڑے سے دل برداشتہ ہوکر گھر کی چھت میں پھندا لگاکر خودکشی کی کوشش کی جسے اہل محلہ نے نازک حالت میں اسپتال منتقل کیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔تلہار میں محمد صدیق ابڑو کا نوجوان بیٹا سفر علی میر واہ میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں