ہیٹ ویو، انٹر امتحانات ری شیڈول کرنے کی تجویز

ہیٹ ویو، انٹر امتحانات ری شیڈول کرنے کی تجویز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر آئندہ سال سے انٹر امتحانات ری شیڈول کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے ۔ چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے صوبائی وزیر تعلیم کو خط لکھ دیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث مئی اور جون کے دوران ہیٹ ویو کے خطرات بڑھ گئے ہیں، جس کے باعث آئندہ سال سے تمام تعلیمی بورڈز کے امتحانات ری شیڈول کرنے اور اپریل و مئی میں لیے جانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی پروفیسر سعید الدین نے صوبائی وزیر تعلیم سردار احمد کو خط لکھا ہے، جس میں ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر آئندہ سال امتحانات اپریل مئی میں لینے کی تجویز دی گئی ہے۔ چیئرمین تعلیمی بورڈ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ گرمی کی شدت سے طلبا اور منتظمین امتحانات کو مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، اسٹیئرنگ کمیٹی آئندہ اجلاس میں انٹر کے امتحانات ری شیڈول کرنے کی منظوری دے اور اس کی منظوری کے بعد اس کو متعلقہ اتھارٹی سے بھی منظور کرایا جائے۔ علاوہ ازیں منگل کو بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا ۔ امتحانات کے پہلے روز صبح اور شام کی شفٹوں میں سائنس پری میڈیکل زولوجی پرچہ دوم، کامرس ریگولرو پرائیویٹ اور آرٹس ریگولر و پرائیویٹ کے اسلامک ایجوکیشن، سوکس اور اخلاقیات کے پرچے لیے گئے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں