بشریٰ انصاری سے بڑی خاتون سیلیبرٹی کوئی نہیں، احمدشاہ

بشریٰ انصاری سے بڑی خاتون سیلیبرٹی کوئی نہیں، احمدشاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل میں ملکہ تبسم بشریٰ انصاری اسٹینڈاپ کامیڈی شو کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، معروف اداکارہ بشریٰ انصاری، ساجد حسن، داور محمود، سید نی نی اور سعد خان نے بریفنگ دی۔

 اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ بشریٰ انصاری سے بڑی خاتون سیلیبرٹی کوئی نہیں ہے، ہر اداکاری بشریٰ انصاری کمال کرتی ہیں، جیسے انور مقصود کا خاندان ہے ایسے ہی بشریٰ انصاری کا خاندان ہے، ہم نے لاہور میں احمد بشیر کا کنبہ سیشن بھی کیا تھا، مجھے بڑا یقین ہے کہ داور کی کوئی پروڈکشن فیل نہیں ہوتی، ون مین شو یا تھیٹر میں سب پرفارم کر رہے ہوتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ یہ شو بھی اچھا ہوگا۔ بشریٰ انصاری نے کہا کہ میں بہت نروس ہو رہی ہوں، یہ اسٹینڈ اپ کامیڈی ہے، باہر ملک میں مزاح آزاد ہے، وہاں کے لوگ فکروں سے آزاد ہیں، ان کے اسٹینڈ اپ سے میرے شو کا موازنہ نہ کیا جائے، جو کچھ میں کرتی آئی ہوں وہی آگے لے کر چلوں گی، میرا آپ سب سے تعلق 45 سال پرانا ہے، پہلے میں نے کہا کہ یہ مجھ سے نہیں ہو پائے گا۔ ساجد حسن نے کہا کہ بشریٰ انصاری اور انور مقصود ایسے لوگ ہیں جن کے بارے میں کچھ کہنا سورج کو چراغ دکھانے والی بات ہے۔ سعد خان نے کہا کہ امید ہے بشریٰ انصاری کی پرفارمنس سے دیکھنے والے بھرپور لطف اندوز ہونگے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں