آئی ٹی کورسز میں ایک لاکھ نوجوانوں کو تربیت دیں گے،گورنر

آئی  ٹی  کورسز  میں  ایک  لاکھ  نوجوانوں  کو  تربیت  دیں  گے،گورنر

کراچی (این این آئی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کورسز میں ایک لاکھ نوجوانوں کو مفت تربیت دی جائے گی، ان کورسز میں آرٹیفشل انٹیلی جنس، میٹا ورس اور ویب تھری شامل ہیں۔

کورسز مکمل کرنے کے بعد نوجوان تین سے پانچ لاکھ روپے ماہانہ کما سکیں گے، ان کورسز میں حصہ لینے والے نوجوان ویب سائٹ www.governorsindh.com پر خود کو رجسٹرڈ کرا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضیا خان، دانیال ناگوری اور گورنر سندھ کے آئی ٹی کنسلٹنٹ/ ڈیل پاکستان کے سربراہ مزمل اظہر بھی موجود تھے۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ ابتدا میں پانچ لاکھ نوجوانوں کا گورنر ہاؤس میں ٹیسٹ لیا جائے گا، جن میں سے پہلے بیچ کے لئے 50 ہزار نوجوانوں کا انتخاب کیا جائے گا، اسی طرح دوسرے بیچ کے لئے بھی مزید 50 ہزار نوجوانوں کو منتخب کیا جائے گا، یہ عملی اور آن لائن کلاسز ہوں گی، جن کا دورانیہ 6گھنٹے ہوگا، عملی کلاس میں نوجوان گورنر ہاؤس میں لگائی جانے والی مارکی میں بیٹھ کر تربیت حاصل کریں گے، کلاس میں موجود نوجوانوں کے لئے ظہرانے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کورسز کی تشہیر کے لئے جلد شہر بھر میں جے ڈی سی اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ بڑے بڑے بینرز اور ہورڈنگز نصب کریں گے، جن پر آئی ٹی کورسز میں داخلے اور اس سے متعلق دیگر معلومات درج ہوں گی تاکہ سب تک ان کورسز کا پیغام پہنچ سکے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ ماضی میں عوام کیلئے گورنر ہاؤس کھولنے اور اسے یونیورسٹی بنانے کا وعدہ کسی اور کا تھا لیکن اسے عملی جامہ میں نے پہنایا ہے، آج گورنر ہاؤس میں تعلیم کی سرگرمیاں بھی شروع کی جا رہی ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنر نے کہا کہ آئی ٹی منصوبے میں حکومت سندھ یا گورنر ہاؤس کے فنڈز شامل نہیں بلکہ اس میں جے ڈی سی، سیلانی اور مخیر حضرات سمیت میرا بھی تعاون شامل ہے۔ ضیا خان نے کہا کہ آئی ٹی کورسز گورنر سندھ کی ہدایت کے مطابق ہوں گے، اس ضمن میں نوجوانوں کا انتخاب میرٹ پر ہوگا، اگر کوئی نوجوان کسی لیول میں فیل ہوگیا تو پھر اس نوجوان کو دوبارہ شروع سے اپنی تعلیم جاری رکھنا ہوگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں