حیدرآباد:آلائشوں کیلئے عارضی کلیکشن پوائنٹس بنانے کی ہدایت

 حیدرآباد:آلائشوں کیلئے عارضی کلیکشن پوائنٹس بنانے کی ہدایت

حیدرآباد(نمائندہ دُنیا)منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز علی شاہ کی زیر صدارت حیدرآباد میں عیدالاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کے سلسلے میں متعلقہ افسران اور نجی کمپنیز کے عہدیداروں کا ایک اجلاس منعقد ہواْ۔

 ،جس میں کنٹی جنسی پلان پر بریفنگ دی گئی ۔اس موقع پر ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے ہدایت کی کہ آلائشوں کیلئے مختلف زونز میں 12عارضی کلیکشن پوائنٹس بنائے جائیں ،جس کے مطابق لطیف آباد زون میں 4، قاسم آباد میں 2، حیدرآباد سٹی میں 5،کوٹری زون میں ایک کلیکشن پوائنٹ بنانے کے علاوہ زون وائز 11کیمپس بھی لگائے جائیں گے جبکہ عیدالاضحی کے تینوں روز سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی تقریبا ً 462گاڑیاں آ لائشیں اٹھانے کے لیے استعمال کی جائیں گی اور آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لئے ملاکاتیار لینڈ فل سائٹ پرٹرینچ بنانے کے انتظامات کئے جائیںگے۔ امتیاز علی شاہ نے اس ضمن میں تمام مطلوبہ مشینری ،چونے و دیگرمٹیریل کی دستیابی کوقبل از وقت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔اس موقع پر انہیں بتایاگیا کہ اس سال حیدرآباد میں ایک لاکھ 40ہزار سے زائد قربانی متوقع ہے جبکہ آلائشیں تقریبا ً 4,478ٹن تک ہوسکتی ہیں اور عید کے چار روز قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کے ساتھ ساتھ معمول کا کوڑاکرکٹ بھی بلا تعطل اٹھایا جائے گا۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے یہ بھی ہدایت دی کہ عید سے قبل عید گاہوں اور مساجد کے اطراف صفائی ستھرائی کے علاوہ متوقع بارشوں کے پیش نظر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پلان بی مرتب کیاجائے ۔ انہوں نے ٹھیکیداروں،متعلقہ افسران کو عیدالاضحی کے انتظامات کے لیے بلدیاتی اداروں و دیگرسوک ایجنسیز سے قریبی رابطے میں رہنے اور تمام زونز میں شکایتی مراکزکو فعال رکھنے کی بھی ہدایات کیں۔اجلاس میں سیکریٹری نسیم الدین میرانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹرآپریشن حیدرآباد نثار احمد ودیگر عہدیداران بھی موجود تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں