میرپورخاص میں تین روزہ مینگو فیسٹیول ختم ہوگیا

 میرپورخاص میں تین روزہ مینگو فیسٹیول ختم ہوگیا

میرپورخاص ،اندرون سندھ(بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا )تین روزہ 55واں مینگو فیسٹیول شاندار طریقے سے اختتام پزیر ہوگیا جس میں ضلع بھر کے لوگوں نے بھرپور شرکت کی،آموں کے سالانہ میلے میں 120اقسام کے آم نمائش کے لیے رکھے گئے تھے۔۔۔

 جبکہ خواتین اور بچوں کی تفریح کے لیے موت کا کنواں اور جھولے لگائے گئے تھے ،میوزیکل پروگرام میں ملک کے بہترین فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا،ملاکھڑے اور دیگر کھیل بھی توجہ کا مرکز رہے ، میلے کاافتتاح سیکریٹری زراعت قاضی اعجاز مہیسر،کمشنر شفیق مہیسر،ڈپٹی کمشنر زین العابدین،ایم پی اے ذوالفقار شاہ نے کیاجبکہ اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی وزیر اعلی کے مشیر منظور وسان اور ایم این اے میرمنور علی خان تھے ۔ فیسٹیول میرپورخاص فروٹ فارم کے ہال میں منعقد کیاگیا۔ مینگوفیسٹیول کو کامیاب کرانے پر کمشنر شفیق احمد مہیسر اور ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زین العابدین نے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ کھپرو میں پارس میڈیکل سینٹر سیونجی روڈ میں ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپ لگایا گیا جس میں کراچی کے مشہور گردوں کے اسپیشلسٹ سرجن ڈاکٹر ذوالفقار قائم خانی نے مریضوں کا فری چیک اپ اور الٹرا سائونڈکیا۔

صحرائے اچھڑو تھر کے علاوہ اطراف کے گائوں کے مریضوں کی بڑی تعداد اپنا علاج کرانے فری میڈیکل کیمپ میں پہنچی ۔ ڈاکٹر ذوالفقار قائم خانی نے مریضوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ کھپرو میں میری سوچ سے بھی زیادہ گردوں کے مریض ہیں ،مجھے حیرت ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی تحصیل کھپرو میں ایک بھی یورولوجسٹ ڈاکٹر نہیں اور نہ ہی سول اسپتال میں ڈائیلیسز مشین ہے ۔ کیمپ میں 150 سے زائد مریضوں کا فری چیک اپ، الٹرا سائونڈ کیا گیا اور فری ادویات دی گئیں۔ ٹنڈو آدم میں ماہانہ محفل گیارہویں شریف مکی مسجد غوثیہ میں منعقد کی گئی ،ثنا خوان حضرات نے نذرانہ عقیدت کے پھول نچھاور کئے اور علامہ طاہر الرضا مدنی نے خصوصی خطاب کیا ،پروگرام کا اختتام درود و سلام و خصوصی دعا پر ہوا۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں