کرپشن کے خاتمے کیلئے موثر اصلاحات کی ضرورت، ثروت قادری

کرپشن کے خاتمے کیلئے موثر اصلاحات کی ضرورت، ثروت قادری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کرپشن ختم کرنے کیلئے نظام میں موثر اصلاحات کی ضرورت ہے، حکمران کرپشن کے ناسور کے خاتمے کے بجائے ایسے نمائشی اقدامات کر رہے ہیں۔

 جن سے کرپشن کے دروازے کو مکمل بند نہیں کیا جاسکتا، حکومت کی طرف سے مہنگائی کے خاتمے کے دعووں کے باوجود عام آدمی کو دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں۔ قادری ہاؤس پر مرکزی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے عوام دنیا بھر میں رائج پیمانوں کے مطابق ایسا جمہوری نظام چاہتے ہیں جس میں عام افراد کی حالت میں بہتری آئے اور دولت کے بہاؤ کا رخ امیروں سے غریبوں کی جانب منتقل ہو، پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا، مگر قرآن وسنت کے نظام کو آج تک نافذ نہیں کیا گیا، ملک میں سیکولر ازم، لبرل ازم، سوشلزم اور یہود ونصاریٰ کے تمام نظام رائج کرنے کی کوشش کی گئی مگر عوام کو ان نظاموں سے کوئی ریلیف نہیں ملا، جمہوریت عوام کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کرتی ہے، مگر ایسا دیکھنے میں نہیں آرہا، آج بھی 12کروڑ سے زائد عوام غربت کی سطح سے نیچے کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی جانب لے جانا اور ماڈل بنانا ہے تو کرپشن کو ہر حال میں جڑ سے ختم کرنا ہوگا،کرپشن نے انصاف کا گلا دبایا ہوا ہے، غریب کو بنیادی حقوق میسر نہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں