امتحانی مرکز میں چھت کا پنکھاگرنے سے 2 طالبات زخمی

امتحانی مرکز میں چھت کا پنکھاگرنے سے 2 طالبات زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کے امتحانی مرکز میں چھت کا پنکھاگرنے سے 2 طالبات زخمی ہوگئیں۔

ذرائع کے مطابق ہفتہ کو انٹر سال دوم کیمسٹری کا پرچہ شروع ہوئے ڈیڑھ گھنٹہ ہوا تھا کہ اچانک کالج کے روم نمبر 4 میں چھت کا پنکھا طالبات کے اوپر گر گیا، جس کے باعث 2 طالبات زخمی ہوگئیں۔ ایک طالبہ کے سر سے خون بہنے لگا، جبکہ امتحانی مرکز پر طبی امداد کا بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے طالبات کو زخمی ہونے کے باوجود بغیرکسی طبی امداد کے پرچہ دینا پڑا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت پرنسپل کالج میں موجود نہیں تھیں، وہ تقریباً ایک گھنٹے بعد جائے وقوع پر پہنچیں۔ ذرائع کے مطابق کالج میں کئی دہائیوں سے تزئین و آرائش کاکام نہیں ہوا ہے، چند روز قبل فرش ڈالنے کاکام شروع کیا گیا تھا، تاہم چھتیں اور بجلی کا نظام انتہائی مخدوش ہے اور کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونما ہوسکتا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ پروفیسر شاداب حسین سے موقف لینے کے لیے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ آفیشل وزٹ پر حیدرآباد آئے ہوئے ہیں، یہ بات ان کے نوٹس میں نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ریجنل ڈائریکٹر کو احکامات دیں گے کہ اس ناخوشگور واقعہ کی تحقیقات کریں، اگر واقعہ میں کالج انتظامیہ کی کوئی کوتاہی ثابت ہوئی تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات کی حفاظت ہمارا اولین فرض ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں