وفاقی بجٹ وعدوں کے برعکس ٹیکسوں سے بھرپور، حسین محنتی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال 2023-24 کے پیش کردہ بجٹ کو روایتی سرمایہ دارانہ، سودی اور قرضوں کی معیشت کا بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ۔۔۔
موجودہ حکومت کا پیش کردہ بجٹ وعدوں کے برعکس ٹیکسوں سے بھرپور ہے، گزشتہ سال کمر توڑ مہنگائی کے مقابلے میں 21 فیصد مہنگائی کی شرح مضحکہ خیز محسوس ہوتی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ دعووں کے برعکس حکومت نے ریلیف اور عوام دوست بجٹ کے بجائے کمر توڑ بجٹ پیش کر کے عوام، صنعت کاروں، تاجروں اور ملازمت پیشہ لوگوں کو سخت مایوس کیا ہے، موجودہ معاشی صورتحال سے مایوس ہو کر قابل و ہنر مند افراد بیرون ملک جارہے ہیں،گزشتہ سال باہر جانے والے لوگوں کی تعداد میں 200 فیصد اضافہ ہوا، حکومت نے درآمدات کم کر نے کے لیے اشیائے تعیش و غیر ضروری چیزوں پر قدغن لگانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ صنعتوں کو رعایت دینے کے بجائے ٹیکسز اور شرح سود میں اضافہ کر دیا گیا، جس سے صنعتیں بند اور بڑی تعداد میں لوگوں کے بیروزگار ہونے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔