دماغی امراض کے اسپتال کا قیام خوش آئند،گورنر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان کا ذہنی امراض کا پہلا اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال قائم کیا جا رہا ہے۔۔۔
چلڈرن آف ایڈم پاکستان کے زیر اہتمام کراچی میں دماغی امراض کے اسپتال کا قیام خوش آئند ہے، یہ اسپتال جدید ترین سہولتوں، آلات و مشینری سے لیس ہوگا، بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹرز کی یہ کاوش شاندار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چلڈرن آف ایڈم پاکستان کے صدر ڈاکٹر سید طارق ابراہیم، چیف ایگزیکٹو آفیسر شہزاد صفدر، جے ڈی سی کے روح رواں ظفر عباس بھی موجود تھے۔ ظفر عباس نے کہا کہ جے ڈی سی اسپتال کی فنڈ ریزنگ میں بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ گڈاپ کے علاقے میں اسپتال کے لئے ساڑھے دس ایکڑ اراضی خرید لی ہے جبکہ ڈھائی سے تین برس میں اسپتال تعمیر ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج 23 کروڑ آبادی کے لئے ذہنی امراض کے صرف 3 اسپتال ہیں، ایسے امراض کا شکار افراد کے لئے ملک میں صرف 300 سائیکاٹرسٹس ہونا بھی لمحہ فکریہ ہے، ان اسپتالوں میں ذہنی امراض کے علاج کی سہولتیں ناکافی ہیں، اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال ذہنی مریضوں کا بحالی مرکز بھی ہوگا، بچپن سے ہی نفسیاتی امراض کے شکار بچوں کا علاج کرانا چاہئے۔