سہراب گوٹھ:موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ،2پولیس اہلکار جاں بحق

سہراب  گوٹھ:موٹر سائیکل  سوار  ملزمان  کی  فائرنگ،2پولیس  اہلکار  جاں  بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سہراب گوٹھ انڈس پلازہ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

ملزمان واردات کے بعد با آسانی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ تھانے کی حدود الآصف اسکوائر کے عقب انڈس پلازہ کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں ہیڈ کانسٹیبل 45 سالہ عبدالحکیم ولد عبدالحمید اور ہیڈ کانسٹیبل 34 سالہ رحمت اللہ ولد قربان علی شدید زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال لے جایا جانے لگا تو دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ اس سلسلے میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں پولیس اہلکار انڈس پلازہ کے قریب ڈیوٹی پر موجود تھے کہ ا س دوران موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، جس پر وہ رکنے کے بجائے وہاں سے فرار ہو گئے۔ پولیس اہلکاروں نے تعاقب کیا اور انڈس پلازہ کے قریب پہنچے تو ان پر فائرنگ شروع ہوگئی، جس سے وہ نیچے گر گئے، نیچے گرتے ہی ان پر مزید فائرنگ کی گئی، جس سے دونوں شدید زخمی ہوگئے اور بعد ازاں چل بسے۔ پولیس نے جائے وقوع سے نائن ایم ایم کے خول اپنی تحویل میں لے لیے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ معلوم ہوا ہے کہ پولیس اہلکار جب تعاقب کرتے ہوئے وہاں پہنچے تو ان پر فائرنگ کی گئی، جس سے ایسا لگتا ہے کہ وہاں مزید ملزمان بھی موجود تھے، اس حوالے سے مزید معلومات لی جا رہی ہیں۔ میتوں کو پہلے گلشن اقبال بلاک 4 میں واقع نجی اسپتال لے جایا گیا، بعد ازاں پوسٹ مارٹم کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعہ کی جانچ شروع کردی ہے اور عینی شاہدین کے ساتھ ساتھ اطراف میں نصب کیمروں کی بھی مدد لی جارہی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھی بھی اور موٹر سائیکلوں پر تھے ، جس مقام پر یہ واقعہ ہوا ہے وہاں مختلف ڈکیت گروہ بہت منظم ہیں۔ واقعہ کے بعد پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچے اور مزید معلومات جمع کرنا شروع کر دیں۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں