مرکزی مسلم لیگ کے تحت مختلف مقامات پرسبزی بازار

مرکزی مسلم لیگ کے تحت مختلف مقامات پرسبزی بازار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کی جانب سے شہرقائدکے مختلف مقامات پرسبزی سہولت بازارلگائے گئے ۔سبزی سہولت بازاروں میں تمام اشیاء منڈی کی قیمت پر اور خصوصی ڈسکاؤنٹ پر فروخت کی گئیں،بعض مقامات پرراشن سہولت اسٹال بھی لگائے گئے ۔

جہاں سے ہزاروں افراد نے استفادہ کیا۔مہنگائی سے پریشان شہریوں نے مہنگائی کے توڑ کے لیے اپنی مددآپ کے تحت پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے اقدامات کو خوب سراہااور اسے دیگر جماعتوں کے لیے قابل تقلید قرار دیا۔سبزی سہولت بازاروں کے متعلق کراچی کے صدر احمدندیم اعوان کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت نے مہنگائی کنٹرول کرنے کے بجائے مزید بوجھ عوام پر ڈال دیا ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات میں ظالمانہ اضافہ سابقہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کا تسلسل اور نااہلی کا ثبوت ہے ۔ بجلی و پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اوربڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث غریب اور متوسط گھرانے کے افراد غربت کی لکیر سے مزید نیچے آگئے ہیں۔ عوام پہلے ہی بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان ہیں، پٹرول کی قیمت میں ہوشر با اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے ۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی و پٹرول قیمتوں میں ہوشربااضافے اور حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں و اقدامات کے خلاف پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی تحریک جاری ہے ۔ہم صرف نعرے اور احتجاج کی سیاست نہیں کرتے بلکہ ہم خدمت کی سیاست میں عملی اقدام کرتے ہیں ۔ہم عوام کو سہولت دینے کے لیے بے شمار عوامی منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔سبزی سہولت بازار بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔ہم عوام کی خدمت کا سفرجاری رکھیں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں