عالمی امن کا خواب عملی اقدامات سے پورا ہوگا، علامہ ساجد نقوی

عالمی امن کا خواب عملی اقدامات سے پورا ہوگا، علامہ ساجد نقوی

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ عالمی امن کا خواب صرف ایک دن مختص کرنے سے نہیں عملی اقدامات کرنے سے پورا ہو گا۔۔

 جب تک بنیادی حقوق کی فراہمی اور شہری آزادیاں نہیں دی جائیں گی دنیا، ریاستوں اور معاشروں میں امن نہیں آئے گا، دنیا نے دیکھ لیا جنگیں مسائل کا حل نہیں، یہ مزید مسائل پیدا کرتی ہیں، آج افغانستان، شام، لیبیا سمیت کئی ممالک ان مسائل کا بڑا ثبوت ہیں، جب تک غاصب ریاستیں کشمیر و فلسطین جیسے خطوں میں مظالم ڈھانا بند نہیں کرتیں عالمی امن کے قیام کا دعویٰ خواب ہی رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں مسئلہ کشمیر،مشرق وسطیٰ میں مسئلہ فلسطین کے حل اور دیگر ملکوں میں داخلی طور پر بنیادی حقوق اور شہری آزادیوں کو تحفظ دینے سے ہی پائیدار امن کا قیام عمل میں آسکتاہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہاکہ صرف ایک دن مختص کرنے سے دنیا میں امن قائم نہیں ہوگا، یوم امن ایسے موقع پر آیا جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس جاری ہے، پوری دنیا کی قیادت ایک چھت تلے جمع ہے، دنیا میں امن کیلئے آج کے روز ہی کم از کم تجدید عہد کرتے ہوئے اقدامات بھی کرنا ہونگے ، جنوبی ایشیا میں مسئلہ کشمیر اور مشرق وسطیٰ میں مسئلہ فلسطین کئی عشروں کے بعد بھی حل نہ ہونا عالمی اداروں کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے، افغان جنگ کے بعد اثرات پوری دنیا سمیت جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ پر پڑے، جس سے افغانستان کے ساتھ ان کے ہمسائیہ ممالک سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں