9ماہ: 60 ہزار وارداتیں ، ڈاکوئوں نے شہری قتل کر دیے

9ماہ:  60  ہزار  وارداتیں ، ڈاکوئوں  نے  شہری  قتل  کر  دیے

کراچی (رپورٹ: کاشف نعیم) رواں برس شہر قائد میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی مزاحمت پر 100 شہریوں کو قتل کر ڈالا، جبکہ اب تک لوٹ مار کی 60 ہزار سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوچکی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہرمیں اسٹریٹ کرائم میں خطرناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ رواں برس شہر میں مسلح ڈاکوؤں کے ہاتھوں 100 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں دو روز قبل ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے نوجوان علی عباس نے دوران علاج دم توڑ دیا۔ علی عباس کے ساتھ اس سال کے 9 ماہ سے بھی کم عرصے میں شہر میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل ہونے والے افراد کی تعداد 100 ہو گئی ہے، جبکہ سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق جنوری میں مسلح ڈاکوؤں کے ہاتھوں 13، فروری میں 12، مارچ میں 10، اپریل میں 12 افراد ہلاک ہوئے۔ مئی میں 15، جون میں 9، جولائی میں 12، اگست میں 8 اور ستمبر کے پہلے 20 دنوں میں اب تک 9 افراد ڈکیتی مزاحمت کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سی پی ایل سی ذرائع کے مطابق معصوم شہریو ں کو قتل اور زخمی کرنے کے علاوہ اس برس شہر میں اب تک 60 ہزار سے زیادہ اسٹریٹ کرائمز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جنوری سے اگست کے 8 ماہ کے دوران سی پی ایل سی کے اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ اب تک اسٹریٹ کرائمز کے 59511 واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق اگست کا مہینہ اسٹریٹ کرائمز کے حوالے سے کراچی کے شہریوں کے لیے بدترین ثابت ہوا، اس ماہ 8207 واقعات رپورٹ ہوئے ۔ ڈاکوؤں نے 2582 موبائل فونز، 231 کاریں اور 5394 موٹر سائیکلیں لوٹ لیں۔ جولائی کے مہینے میں 7,162 واقعات رپورٹ ہوئے، ڈاکوؤں نے 2092 موبائل فونز، 158 کاریں اور 4912 موٹر سائیکلیں لوٹ لیں۔ جون کے مہینے میں 7141 واقعات رپورٹ ہوئے، ڈاکوؤں نے 2200 موبائل فونز، 193 کاریں اور 4748 موٹر سائیکلیں لوٹ لیں۔ مئی کے مہینے میں 7,845 واقعات رپورٹ ہوئے ۔ اس ماہ ڈاکوؤں نے 2,472 موبائل فونز، 165 کاریں اور 5,208 موٹر سائیکلیں لوٹیں۔ اپریل کے مہینے میں راہزنی کی 7 ہزار 287 وارداتیں ہوئیں، جن میں ڈاکوؤں نے 2 ہزار 253 موبائل فونز، 161 کاریں اور 4 ہزار 873 موٹر سائیکلیں لوٹیں۔ مارچ کے مہینے میں اسٹریٹ کرائم کی 7,822 وارداتیں ہوئیں، جن میں ڈاکوؤں نے 2,577 موبائل فونز، 188 کاریں اور 5,057 موٹر سائیکلیں لوٹیں۔ فروری کے مہینے میں اسٹریٹ کرائم کی 6798 وارداتیں ہوئیں، جن میں ڈاکوؤں نے 2255 موبائل فونز، 163 کاریں اور 4380 موٹر سائیکلیں لوٹیں۔ جنوری کے مہینے میں اسٹریٹ کرائم کی 7 ہزار 249 وارداتیں ہوئیں، جن میں ڈاکوؤں نے 2 ہزار 379 موبائل فونز، 227 کاریں اور 4 ہزار 643 موٹر سائیکلیں لوٹیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں