انفرااسٹرکچر کی بہتری کیلئے کوشش کررہے ہیں، میئر
کراچی(اسٹاف رپورٹر ) میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لئے دن رات کوشش کررہے ہیں، پیپلز پارٹی عوام کی خدمت اور اپنے وعدے وفا کرنے پر یقین رکھتی ہے۔
شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کے لئے تمام اداروں کے اشتراک سے کام کر رہے ہیں، بہتری و ترقی کا یہ عمل بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا، یہ بات انہوں نے بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کے دورے اور ترقیاتی کاموں کے معائنہ کے موقع پر کہی۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے چنیسر گوٹھ میں نئی بننے والی سڑک کے کام کا معائنہ کیا اور افسران کو پائیدار کام کے لئے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ چنیسر گوٹھ کے رہائشیوں کے لئے یہ سڑک مرکزی راستہ ہے جو کافی عرصے سے مخدوش حالت میں تھی، ناہموار راستے کی وجہ سے گاڑیوں کا گزرنا بھی مشکل تھا لیکن اب یہاں نئی سڑک بنائی جا رہی ہے جس سے علاقہ مکینوں کو سہولت ملے گی۔میئر کراچی نے پی ای سی ایچ بلاک6 میں نئی تعمیر ہونے والے ڈاکٹر عبدالقدیر خان روڈ کے کام کا بھی جائزہ لیا اور سڑک کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔