سندھ کی بگڑتی صورتحال پر حکومت آنکھیں کھولے ، حسین محنتی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے ٹھل میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں نوجوان معظم نوناری کے قتل اور ان کے بھائی نیاز نوناری کو شدید زخمی کئے جانے کے واقعہ کی شدید مذمت اور واقعہ کو سندھ میں بدامنی کی انتہا قراردیتے ہوئے قاتلوں کو گرفتارکر کے قرارواقعی سزادینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
جاری بیان میں انہوں مزید نے کہا کہ ڈاکو راج کے خلاف مسلسل احتجاجی مظاہرے ، دھرنے اور حکومت کی جانب سے کچے میں آپریشن کی تیاریوں کے باوجود آج سندھ کے شہروں اور دیہات میں کسی کی جان و مال محفوظ ہے نہ ہی عزت و آبرو ،ٹھل میں چند ماہ کے دوران 3 افراد کا دن دیہاڑے قتل انتظامیہ اور حکومت ک ے لئے لمحہ فکریہ ہے ، پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے ،وفاق اور سندھ حکومت دن بدن بگڑتی ہوئی صورتحال پر اپنی آنکھیں کھولے ورنہ بہت دیر ہوجائے گی، صوبہ سندھ کے حالات عوام کو بغاوت پر مجبور کررہے ہیں ، اگر عوام تنگ آمد بجنگ آمد کے مصداق گھروں سے نکل آئے تو پھر وہ قانون کا انتظار نہیں کریں گے اور معاشی طور پر پہلے سے عدم استحکام کا شکار ملک مزید انتشار کا شکار ہوجائے گا۔ صوبائی امیر نے صوبائی وزیرداخلہ اور وزیراعلیٰ سے پرزور مطالبہ کیا کہ ٹھل سمیت سندھ بھر کے عوام کی جان و مال اور عزت کی حفاظت کے لئے موثراقدمات کریں ، قاتلوں اور راہزنوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔