میلادالنبیؐ کے جلوسوں کو سیکیورٹی دینے کا مطالبہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری نے کہا کہ کامرکزی جلو س میلا د النبیؐ 12 ربیع الاول کو 3بجے سہ پہر نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے علماء و مشائخ کی قیادت میں برآمد ہوگا۔جوایم اے جناح روڈ کے راستے نشتر پارک پہنچے گا جہاں عظیم الشان میلاد مصطفی کانفرنس سے علماء کرام و قائدین اہلسنّت خطاب فرمائیں گے ۔
کچھی میمن ہال گاڑی کھاتہ لائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس میں انہوں نے مزید کہا کہ میلاد النبیؐ کے جلوس اور جلسے کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ،جلوس نکالنے کا مشترکہ اجازت نامہ حا صل کر لیا ہے ۔ انہوں نے حکومت و قانون نافذ کرنے والے ادروں سے مطالبہ کیا کہ مرکزی جلوس سمیت تمام جلوسوں کی سیکیورٹی کا مناسب انتظام ہو۔مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کی درستگی،داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس کی تنصیب،بم ڈسپوزل اسکواڈ اور مناسب اہلکاروں کی تعیناتی یقینی بنائی جائے ۔فساد کا باعث بننے والی تقاریر اور مقررین کے خلاف کارروائی کی جائے ۔میلاد النبیؐ کے جلسوں کیلئے این او سی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری کیے جائیں۔ جلوس کی گزرگاہوں کی صفائی ستھرائی،سڑکوں کی مرمت و استر کاری، اسٹریٹ لائٹس کی درستگی بھی انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے عوام کو ہدایت کی کہ تمام شرکاء جلوس انتظامیہ اور رضاکاروں سے مکمل تعاون کریں اور مشتبہ عناصر و اشیاء پر کڑی نظر رکھیں۔