جامعہ کراچی میں آج سے کلاسز اور امتحانات کا بائیکاٹ

جامعہ کراچی میں آج سے کلاسز اور امتحانات کا بائیکاٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کا جنرل باڈی کا اجلاس جمعرات کو آرٹس آڈیٹوریم میں منعقد ہوا، جس میں جامعہ کراچی کی مجموعی صورتحال، تدریس و تحقیق میں اساتذہ کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے انجمن اساتذہ کے وائس چانسلر سے پچھلے کئی ماہ سے جاری مذاکرات سے متعلق تمام اساتذہ کو آگاہ کیا گیا۔

 اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ (آج) جمعہ سے مارننگ و ایوننگ پروگرامز کی کلاسز اور امتحانات کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔ اجلاس میں وزیر اعلی ٰسندھ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ جامعہ کراچی کی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور انجمن اساتذہ کا موقف سنیں، اکیڈمک سرگرمیوں کی بحالی سے متعلق اگلا کوئی فیصلہ اجلاس عمومی یعنی جنرل باڈی میں ہی کیا جائے گا۔ اجلاس نے انتظامی معاملات میں خرابی کے باعث جامعہ کراچی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور کہا گیا کہ جہاں حصول علم کے لئے آنے والے طالب علموں کو نہ اساتذہ کی مناسب تعداد دستیاب ہورہی ہے ، نہ لیب میں ضروری سہولتیں ہیں، جزوقتی اساتذہ کی بھی ایک بڑی تعداد یا تو تدریس کو خیرباد کہہ رہی ہے یا دوسری جامعات کا رخ کرنے پر مجبور ہوتی جا رہی ہے ، ان حالات میں جامعہ کراچی کے معیار تعلیم کو واپس بلندی پر لانے کے لئے انتہائی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ایوننگ کے مشاہرے مکمل اور فوری ادا کئے جائیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں