سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں کمی کے سلسلہ میں تجاویز کیلئے جائزہ کمیٹی قائم
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی محمد سلیم راجپوت کی زیر صدارت ان کے دفتر میں سبزی اور فروٹس کے تاجروں، کا ایک اجلاس منعقد ہو ا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز مارکیٹ کمیٹی کے عہدیداران، بیورو آف سپلائی اور محکمہ فوڈ کے افسران اور صارفین تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں سبزی اور پھلوں کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس نے قیمتوں میں کمی لانے کے سلسلہ میں تجاویز تیار کر نے کے لئے ڈپٹی کمشنر وسطی فواد سومرو کی سربراہی میں جائزہ کمیٹی قائم کر دی گئی۔ کمیٹی میں ڈپٹی کمشنر شرقی الطاف شیخ ، مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین علی زمان جوکھیو ، تاجروں کے نمائندے اوربیورو آف سپلائی کے افسران شامل ہوں گے کمیٹی اپنی تجاویز پانچ روز میں دے گی ،کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میں فیصلے کیے جائیں گے ۔کمشنر کراچی سہیل راجپوت نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ کھانے پینے کی ا شیا میں ہر ممکنہ کمی لائی جائے گی شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے گا ناجائز منافع خوری کو روکنے کے لئے مربوط کوششیں کی جائیں گی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قیمتیں مقرر کرنے کے طریقہ کار کو شفاف بنایا جا ئے گا ہول سیلرزاور ریٹیلرز کو ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی،ناجائزمنافع خوری کے مرتکب تاجروں و دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔