آئی بی پی جامعہ کراچی کے طلبہ کو پیشہ ورانہ تربیت دے گی
کراچی(اے پی پی)جامعہ کراچی اورانسٹی ٹیوٹ بینکرزآف پاکستان(آئی بی پی) کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب جمعہ کووائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔
جاری اعلامیہ کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی اور آئی بی پی کے چیف ایگزیکٹو ریاض نذر علی چنارہ نے دستخط کئے ۔مفاہمتی یادداشت کے مطابق انسٹی ٹیوٹ بینکرزآف پاکستان جامعہ کراچی کے طلبہ کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرے گی۔اس موقع پر ریاض نذرعلی نے کہا کہ آئی بی پی پاکستان کی بینکنگ شعبے کو تکنیکی امور پر تربیت فراہم کر رہی ہے اور جامعہ کراچی کے ساتھ معاہدے سے اب جامعہ کراچی کے طلبہ بھی مستفید ہوں گے ۔اس سے طلبہ بینکرز کی پیشہ ورانہ تربیت حاصل کریں گے ۔جامعہ کراچی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ آئندہ نسلوں کو ایک بہتر مستقبل فراہم کریں اور ہمیں اس کے لئے کافی جدوجہد کی ضرورت ہے ۔ مجھے امید ہے کہ اس معاہدے کے نتیجے میں جو تربیت ہمارے طلبہ کو ملے گی اس سے وہ پاکستان کے بینکنگ انڈسٹری میں اپنا لوہا منوائیں گے ۔اس معاہدے سے طلبہ کی تربیت کے ساتھ نصاب کو جدید خطور پر اسطوار کرنے میں بھی مدد ملے گی۔جامعہ کراچی کے طلبہ پاکستان کے بہترین بینکرز بنیں گے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈسیلزخولہ عثمان،ڈپٹی منیجرآف مارکیٹنگ اینڈ سیلزمحمد اکرم بھی موجود تھے ۔