اب ڈالر کی قدر بڑھنے نہیں دینگے ، نگراں وزیر تجارت : بجلی کے بعد گیس چوروں کیخلاف بھی کریک ڈائون کا فیصلہ

اب  ڈالر  کی  قدر  بڑھنے  نہیں  دینگے  ،  نگراں  وزیر  تجارت  :  بجلی  کے  بعد  گیس  چوروں  کیخلاف  بھی  کریک  ڈائون  کا  فیصلہ

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی) نگراں وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ بجلی چوروں کے بعد گیس چوروں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جارہا ہے ،حکومت نے ڈالر سمیت دیگر اشیا کی اسمگلنگ رکوا دی ہے ۔۔

 اب ڈالر کی قدر بڑھنے نہیں دیں گے ، ڈالر کی حقیقی ویلیو 260 جبکہ مہنگائی کے حساب سے قیمت 200 روپے بنتی ہے ۔کراچی چیمبر کے دورے پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر تجارت نے کہا کہ ملک بھر کے چیمبر آف کامرس سے 30روز میں بجلی کے زائد استعمال اور تجارت کی زائد سرگرمیوں کے اوقات مانگے ہیں تاکہ درست اندازہ لگایا جاسکے ۔بجلی چوروں کے بعد اگلے ہفتے سے گیس چوروں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جارہا ہے ، گیس چوری میں ملوث کسی فرد، ادارے کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ نگراں وزیر تجارت نے ملک گیر سطح پر دکانیں جلد بند کرانے کی کارروائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پاس سرپلس بجلی ہے ، دکانیں جلد بند کرانے سے حکومت کو نقصان ہوگا۔دنیا کے 100بڑے برانڈز کو پاکستان لاکر کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے ، تمام عالمی برانڈز کو سرکاری مہمان کادرجہ دیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ فی ڈالر حوالہ ریٹ 350 روپے تک پہنچ گیا تھا، انٹربینک ریٹ بھی 350روپے تک جاتا نظر آرہا تھا، آج ملک میں حقیقی مؤثر شرح مبادلہ 260 روپے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر بچانے کیلئے امپورٹ پر پابندی لگائی گئی لیکن اس سے اسمگلنگ بڑھ گئی، افغانستان، ایران سے اسمگلنگ کا حجم 5ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا، ایکسچینج کمپنیوں کے توسط سے سارا ڈالر اوپن مارکیٹ سے اسمگل ہونے لگا، ملک میں قدرتی گیس نہیں ، تاجروں کو اپنی ضد چھوڑنی ہوگی۔ گوہر اعجاز نے بتایا کہ صنعتوں کیلئے بجلی کی ویلنگ پالیسی متعارف کرادی ہے ، سندھ اور پنجاب کی صنعتیں براہ راست تھر سے بجلی خریدیں، انہیں ٹیکس سے استثنٰی دلواؤں گا، تھر سے بجلی لینے پر صنعتوں کیلئے پاور ٹیرف خطے کے مساوی ہوجائے گا۔ ٹیکسٹائل کے علاوہ دیگر مصنوعات کی برآمدات کا حجم صرف 5ارب ڈالر ہے ۔دوسر ی جانب اسٹاک ایکسچینج کے دورے پربورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگراں وزیر تجارت نے کہا کہ حکومت معیشت کو تقویت دینے کے ساتھ کیپٹل مارکیٹ کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں