مہنگائی:جماعت اسلامی کے تحت گاڑیاں بندکرکے احتجاج

  مہنگائی:جماعت اسلامی کے تحت گاڑیاں بندکرکے احتجاج

حیدرآباد،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) پٹرولیم نرخوں،بجلی بلوں میں ہوشربا اضافے اور کمر توڑ مہنگائی کے خلاف اتوارکو جماعت اسلامی کے تحت سندھ بھر میں احتجاج کیا گیا۔

جماعت اسلامی کی اپیل پر حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، شکار پور، ٹھٹھہ، بدین، دادو، جوہی ، میرپور خاص، شہداد کوٹ، میہڑ، قمبرعلی خان،کندھ کوٹ اور کشمور سمیت سندھ بھرمیں شام 5 بجے موٹرسائیکلیں، گاڑیاں احتجاجا ً سڑکوں پر بند کی گئیں۔ شرکاء نے مہنگائی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اورپٹرول و بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لینے ، سادگی وکفایت شعاری کی پالیسیاں اپناکرملک کو معاشی بحران سے نکالنے کا مطالبہ کیا۔جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے ٹھٹھہ میں مین اسٹاپ پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کٹھ پتلی نگراں حکومت نے آئی ایم ایف کے اشاروں پرایک ماہ میں 3 مرتبہ پٹرول قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ حکومتی نااہلی اور بگڑتی معاشی صورتحال سے ہر شہری پریشان ہے ۔انہوں نے کہاکہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں پشاور،لاہور اور کوئٹہ کے بعد 6اکتوبر کو کراچی میں بھی دھرنا دیا جائے گا۔صوبائی امیر نے کہا کہ عوام اسلامی،پرامن اور خوشحال پاکستان کیلئے جماعت اسلامی کی تحریک کا حصہ بنیں۔علاوہ ازیں سکھر میں کمرتوڑ مہنگائی کے خلاف ضلعی امیر علامہ حزب اللہ جکھرو کی قیادت میں ریلی نکال کرگھنٹہ گھرپردھرنا دیا گیا، جب کہ حیدرآباد میں کوہ نورچوک پر مہنگائی کے خلاف عوامی دھرنا دیا گیا،جس سے ضلعی امیرعقیل احمد خان ودیگر نے خطاب کیا۔اسی طرح لاڑکانہ میں پاکستانی چوک پر مظاہرے سے جماعت کے ضلعی رہنما ایڈووکیٹ عاشق دھامراہ، رمیزراجہ اورحمیدمغل، شکارپور میں گھنٹہ گھرچوک پر ضلعی امیرعبدالسمیع بھٹی،بدین پریس کلب پردھرنے سے ضلعی امیرعلی مردان شاہ نے خطاب کیا۔جیکب آباد میں جماعت اسلامی کے امیرضلع حاجی دیدارعلی لاشاری کی قیادت میں بائی پاس پردھرنا دیکر سندھ بلوچستان قومی شاہراہ کو بند کردیا گیا۔ شہداد کوٹ میں امتیاز شیخ کی زیرقیادت کوٹوموٹوچوک پر،کندھ کوٹ میں گھنٹہ گھر،کشمورمیں واحدوچوک، میہڑ میں گھنٹہ گھرچوک،دادو میں ڈی ایچ اوچوک جبکہ تحصیل جوہی میں پریس کلب پراحتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ٹنڈوآدم پریس کلب پرضلعی امیرعبدالغفور انصاری،مشتاق عادل، عبدالستار انصاری،عمران غوری نے دھرنے سے خطاب کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں