گھوٹکی میں لڑکی اغوا،اہلخانہ کا ایس ایس پی آفس پر دھرنا
گھوٹکی،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) گھوٹکی کے قریب میرپورماتھیلو میں 14 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر اغوا کرلیاگیا،جھگڑے کے دوران دونوں فریقین کے متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ مغویہ کے اہلخانہ نے ایس ایس پی آفس کے سامنے دھرنا دے کر لڑکی کو بازیاب کرانے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے الزام عائد کیاکہ منیر کورائی ، اختیار کورائی اور دیگر نے گھر میں گھس کر 14 سالہ لڑکی کو اغوا کرلیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مغویہ کو بازیاب کرانے کی کوشش کی گئی تو بااثر افراد نے حملہ کرکے خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی ۔ پولیس کے مطابق معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں جس کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔ محراب پور میں کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ پھل پولیس کے مطابق پھل شہر میں گھر میں بجلی کاکام کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے بلاول عرف بلو پیرزادہ جاں بحق ہو گیا،متوفی کی لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی جب کہ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔علاوہ ازیں محراب پور میں کوٹری کبیر چوکی کی حدود میں قومی شاہراہ پر الکبیر کمپیوٹر کانٹے کے قریب گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار محمد شریف اور دو خواتین زخمی ہوگئیں جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ، زخمیوں کا تعلق گاؤں ڈاکٹر کریم سولنگی سے ہے ۔