یوسف گوٹھ میں کسٹمز و دیگر کی کارروائی ، اسمگل شدہ سامان کی بڑی کھیپ پکڑی گئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر )کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ نے حساس ادارے اور پولیس کی مدد سے اسمگلنگ کے خلاف یوسف گوٹھ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی اسمگل شدہ سامان کی بڑی کھیپ پکڑلی ۔
اسمگل شدہ سامان میں 42میٹرک ٹن اسمگل شدہ اسکمڈ ملک پاؤڈر ، نو میٹرک ٹن وے پاؤڈر ، 17 میٹرک ٹن پلاسٹک دانا شامل ہے ۔کسٹمز حکام کے مطابق تحویل میں لیے گئے سامان میں پندرہ میٹرک ٹن پلاسٹک شاپرز ، نو ٹن مونوسوڈیم گلوٹامیٹ بھی شامل ہے ۔کسٹم حکام کے مطابق پکڑے گئے سامان کو 11 ٹرکوں اور 3کنٹینر زمیں کسٹمز ویئر ہاؤس منتقل کرکے مقدمہ کسٹمز دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ہے ۔ حکام کے مطابق پولیس کے ایس ایس یو کمانڈوز کے دستوں اور کیماڑی پولیس اور حساس ادارے کی مدد سے رات ایک بجے ضلع کیماڑی یوسف گوٹھ میں آپریشن شروع کیا گیا۔اس موقع پر اسمگلرز اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی۔اس دوران پولیس کو مشتعل افراد کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کرنی پڑی۔ ترجمان کسٹمز کے مطابق انفورسمنٹ کلکٹریٹ نے اس سے قبل بھی رواں ماہ دو ستمبر کو ساڑھے 14ہزاراسمگل شدہ ایرانی ڈیزل سے بھرے چھ ٹینکرز تحویل میں لئے تھے جب کہ کراچی پورٹ سے غلط اعداد و شمار پر کلیئرہونے والے تین کنٹینرز کو تحویل میں لے کر 21 کروڑ روپے سے زائد کا سامان برآمد کیا جبکہ ستمبر میں مجموعی طور پر ایک ارب 30 کروڑ روپے کا سامان برآمد کیا گیا ہے ۔