اساتذہ کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں،حافظ نعیم
کراچی(اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے وفد نے ادارہ نورحق میں سیکریٹری انجمن اساتذہ ڈاکٹر فیضان نقوی کی قیادت میں ملاقات کی اور جامعہ کراچی کے مسائل سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی بھی موجود تھے ۔وفد میں جوائنٹ سکریٹری انجمن اساتذہ ڈاکٹر اسد تنولی،ارکان مجلس عاملہ،انجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر انتخاب الفت،ڈاکٹر معروف بن رؤف،ڈاکٹر عبدالجبار خان اور ڈاکٹر ندا علی شامل تھے ۔ ڈاکٹر فیضان نقوی نے جامعہ کراچی کی موجودہ صورتحال اور اساتذہ کی جانب سے کی جانے والی ہڑتال کے حوالے سے اساتذہ کا موقف پیش کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے اساتذہ کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ جامعہ کراچی شہر کی سب سے بڑی مادر علمی ہے اس کے تمام مسائل کے حل کی جدوجہد میں اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ کراچی یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات بنیادی تعلیمی سہولیات سے محروم ہیں، یونیورسٹی کا انفرااسٹرکچر مکمل تباہ ہوچکا ہے ، کلاس رومز اور لیبارٹریز کا برا حال ہے ، ٹرانسپورٹ کا نظام بری طرح متاثر ہے جس کی وجہ سے ہزاروں طلبہ و طالبات کوروزانہ یونیورسٹی آنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ اس وقت ہم سب کو مل کر جامعہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے آواز بلند کرنا ہوگی،کراچی کا سب سے بڑا تعلیمی ادارہ برباد ہوگا تو ملک کا مستقبل تباہ ہوجائے گا۔