غیر قانونی تارکین وطن کو بے دخل کرنے کی تیاریاں

غیر  قانونی  تارکین  وطن  کو  بے  دخل کرنے  کی  تیاریاں

کراچی (اسٹاف رپورٹر،ایجنسیاں) امن وامان کے حوالے سے سی سینٹرل پولیس آفس کراچی میں آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی،اسپیشل برانچ خادم حسین رند نے جرائم کے خلاف شہر میں جاری۔۔

 پولیسنگ اقدامات سمیت غیرقانونی تارکین وطن،اسمگلنگ اور اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام جیسے اقدامات پر پوائنٹ ٹو پوائنٹ بریفنگ دی۔ آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ غیر قانونی تارکین وطن جلد از جلد ڈی پورٹ کیے جائیں اور ساتھ ساتھ غیر قانونی تارکین وطن کے حوالے سے مجموعی اقدامات پر مشتمل جامع سفارشات تیار کرکے حکومت سندھ کو ارسال کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے ،نادرا،اے این ایف اور پولیس پر مشتمل جوائنٹ ٹاسک فورس کے قیام کو بھی سفارشات کا حصہ بنایا جائے ۔آئی جی سندھ نے ہدایات میں کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن کو ڈی پورٹ کرنیکے ضمن میں مختلف مقامات پر ہولڈنگ سینٹرز مختص کرنے کے عمل کوسفارشات میں شامل کیا جائے ۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف اعلان جنگ ہے ،اسٹریٹ کرمنلز کا قلع قمع ہر حال میں یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف جملہ پولیس کارکردگی پر ہفتہ وار پروگریس رپورٹ میں بذات خود لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ بارڈرز ایریازاور سرحدی علاقوں سے نقل و حمل پر کڑی نگرانی اور نگاہ رکھی جائے اور متعلقہ اداروں سے ملکر اسمگلنگ کو ہر حال میں روکا جائے ۔ ایڈیشن آئی جی کراچی نے کہا کہ جرائم کے خلاف نئی پولیس ٹیمز میدان میں آگئی ہیں اور مجموعی طور پر جرائم اور ان میں ملوث عناصر کے خلاف زیروٹالیرینس پالیسی اختیار کر رکھی ہے ۔کسی بھی کریمنلز کو نہیں چھوڑا جائیگا۔علاوہ ازیں آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ چپ تعزیہ کے تمام جلوسوں کے سیکیورٹی اقدامات فول پروف بنائے جائیں،مرکزی اجتماع کے مقامات اور روٹس پر سیکیورٹی حکمت عملی کو مربوط اور مؤثربنایا جائے ۔ انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کی مجموعی ڈپلائمنٹ کو سیکیورٹی بریفنگ لازمی دی جائے ۔نشترپارک تا حسینیہ ایرانیاں ہال جبکہ رضویہ سوسائٹی تا امام بارگاہ شاہ نجف جلوسوں کے لیئے سیکیورٹی ڈپلائمنٹ کو ہمہ وقت چوکنا اور الرٹ رکھا جائے ۔ سیکیورٹی اقدامات کے تسلسل کو 12 ربیع الاول تک جاری رکھا جائے ۔ آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ مرکزی اجتماعات، جلوسوں،محافل میلاد، نعت، وعظ، تقاریر ودیگر کی سیکیورٹی پر فوکس رکھا جائے ۔ تمام اسٹیک ہولڈرز سے باہمی مشاورت اور تجاویز کو اہمیت دی جائے ۔ سیکیورٹی پلان پر اسکی روح اور ترجیحات کے مطابق عمل درآمد کرایاجائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں