سکھر :اسٹریٹ لائٹس بند،صوبائی وزیر بلدیات کی باز پرس
سکھر(نمائندہ دنیا)نگراں صوبائی وزیر بلدیات محمد مبین جمانی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس سکھر میں محکمہ بلدیات کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سکھر فیاض احمد مہیسر، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کمیل حیدر شاہ،وائس چیئرمین اختر مہر، ڈپٹی میئر سکھر ڈاکٹر ارشد محمود،محکمہ بلدیات، ہاؤسنگ ،ٹاؤن پلاننگ کے تمام افسران و دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں نگراں صوبائی وزیر کو سکھر میں محکمہ بلدیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ سکھر اور خیرپور میں جاری ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے بھی آگاہی دی گئی۔ دوران اجلاس مبین جمانی کو سکھر میونسپل کارپوریشن اور ڈسٹرکٹ کونسل کے حوالے سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر نگراں صوبائی وزیر بلدیات نے سکھر میں اسٹریٹ لائٹس کی بندش، کھلے مین ہالز سمیت دیگر مسائل پر افسران سے باز پرس کی۔ دوسری جانب سکھر انتظامیہ کی عدم توجہ کے باعث نیو گوٹھ کا علاقہ مسائلستان بن گیا، ترقیاتی کام سست روی کا شکارہیں جب کہ کاموں میں مبینہ طورپر ناقص میٹریل استعمال کرنے کا انکشاف بھی ہواہے ، اسی طرح مختلف علاقوں میں نکاسی آب کا نظام مفلوج ہے جس کی وجہ سے شہریوں، علاقہ مکینوں سمیت مسافر گاڑیوں کو آمد ورفت میں شدید مشکلات کا سامناہے ۔