کلفٹن :اہم پارکنگ سائٹس پربلدیاتی ادارے آمنے سامنے

کلفٹن :اہم پارکنگ سائٹس پربلدیاتی ادارے آمنے سامنے

کراچی (اسٹاف رپورٹر )کراچی کے پوش علاقے کلفٹن کی پانچ اہم ترین پارکنگ سائٹس پر کنٹرول حاصل کرنے کیلئے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور صدر ٹاؤن آمنے سامنے آگئے ۔ تفصیلات کے مطابق کلفٹن کے پانچ مقامات ۔۔

جن میں سیسی آرکیڈ ، سروس روڈ خیابان اقبال بلاک سات ،پیراڈائز اسٹور بلاک سات، کلفٹن سینٹر بلاک پانچ اور سروس روڈ شاہراہ عبد اللہ شاہ غازی بار بی کیو ٹو نائٹ کا علاقہ شامل ہے پر دونوں اداروں کے درمیان محاذ آرائی شروع ہوگئی ہیں ۔ صدر ٹاؤن افسران نے کے ایم سی پارکنگ ڈپارٹمنٹ کو خط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ کلفٹن کی پانچ پارکنگ سائٹس صدر ٹاؤن کی ہیں۔ اس کا کنٹرول کسی صورت کے ایم سی کو نہیں دیا جاسکتا۔ دوسری جانب کے ایم سی کے محکمہ پارکنگ کا دعویٰ ہے کہ نئے بلدیاتی قوانین کے بعد شہر کی اہم شاہراہیں اب کے ایم سی کے کنٹرول میں ہیں۔ کلفٹن کی پانچ پارکنگ سائٹس جس کا صدر ٹاؤن دعوے دار ہے وہ اب کے ایم سی کے حصے میں آتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ایم سی اور صدر ٹاؤن میں پارکنگ سائٹس کو لیکر محاذ آرائی زور پکڑ گئی ہے ۔ دونوں ادارے کلفٹن کی پارکنگ سائٹس کے مسئلے پر پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں۔ اب ان پارکنگ سائٹس کا معاملہ محکمہ بلدیات حکومت سندھ کے پاس جائے گا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کلفٹن کی پانچ پارکنگ سائٹس سے بڑی آمدنی حاصل ہوتی ہے ۔ مختلف سیاسی گروپس کنٹریکٹرز کو آگے رکھ کر کلفٹن میں پارکنگ سائٹس کا کام چلاتے آرہے ہیں۔ رواں سال کے ایم سی اور صدر ٹاؤن میں منتخب بلدیاتی قیادت آجانے کے بعد پارکنگ سائٹس کے کام میں ملوث سیاسی گروپس کو بھی دھچکا لگا ہے ، یہ ہی وجہ ہے کہ اب پارکنگ سائٹس کے کنٹرول کیلئے بلدیاتی ادارے آمنے سامنے آچکے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں