پولیس کی کارکردگی نظر آنی چاہے ،کوتاہی ناقابلِ برداشت،شہلا قریشی

پولیس کی کارکردگی نظر آنی چاہے ،کوتاہی ناقابلِ برداشت،شہلا قریشی

سجاول (نمائندہ دنیا) ایس ایس پی سجاول شہلا قریشی نے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ ضلع میں پولیس کی کارکردگی نمایاں نظر آنی چاہے ۔

مظلوموں کے ساتھ انصاف، جرائم کے خاتمے و شہریوں کے تحفظ کے اقدامات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ناقابلِ برداشت ہوگی۔ وہ گزشتہ روز ضلع بھر میں نئے تعینات ایس ایچ اوز اور پوسٹ انچارجز کے ساتھ اہم اجلاس میں گفتگو کررہی تھیں۔ایس ایس پی نے ایس ایچ اوز کو خوش آمدیدکہااور تعارفی میٹنگ میں تمام افسران کو محکمانہ امور کے حوالے سے لائحہ عمل اور ترجیحات بتائیں۔ ایس ایس پی سجاول نے کہا کہ ضلع میں سرگرم کرمنلز، روپوش و اشتہاری ملزمان کے خلاف مؤثر حکمت عملی کے تحت گھیرا تنگ کیا جائے ۔ہر قسم کی منشیات،گٹکا،مین پوری اور دیگرمنظم جرائم کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کریں ۔موٹرسائیکل و موبائل فون اسنیچنگ، گھروں اور دکانوں سے چوری کی وارداتوں کے معاملات میں ترجیحی بنیادوں پر کارروائیاں کرکے شہریوں کی مسروقہ املاک برآمد کی جائیں۔علاقہ معززین، کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرکے کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیا جائے ۔ایس ایس پی سجاول نے تمام نئے تعینات ایس ایچ اوز اور پوسٹ انچارجز کو 12 ربیع الاول کے سلسلے میں سیکیورٹی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت کی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں