عمارتوں کے مجوزہ پلان کی منظوری کیلئے کمیٹی تشکیل
کراچی (اسٹاف رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی محمد اسحاق کھوڑو نے شہر میں پبلک سیل بلڈنگز ، ہائی رائز بلڈنگز اور پبلک بلڈنگز کے مجوزہ پلان کی منظوری کیلئے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ، کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔ ڈی جی ایس بی سی اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے کنوینر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے مقرر کیے گئے ہیں ۔
جبکہ ڈائریکٹر آ رکیٹیکچر اینڈ پلاننگ کو کمیٹی کا سیکرٹری بنایا گیا ہے ۔ کمیٹی تعمیراتی قوانین کے تحت ہائی رائز ملٹی اسٹوریز بلڈنگ کے مجوزہ بلڈنگ پلانز کا جائزہ لے گی ۔ کمیٹی کی کارروائی مکمل ہونے پر ڈائریکٹر آرکیٹیکچر اینڈ پلاننگ کی جانب سے مجوزہ بلڈنگ پلان منظوری کیلئے اے ڈی جی ایس بی سی اے کے توسط سے ڈی جی ایس بی سی اے کو بھیجا جائے گا ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کی عدم موجودگی کی صورت میں ڈائریکٹر آرکیٹیکچر اینڈ پلاننگ کی سربراہی میں کمیٹی کا اجلاس ہوگا ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آرکیٹکچر اینڈ پلاننگ کو کمیٹی کا کوآرڈی نیٹر مقرر کیا گیا ہے ۔سات رکنی کمیٹی ممبران میں سینئر ڈائریکٹر سندھ ماسٹر پلان اتھارٹی ، ڈائریکٹر اسٹرکچر ایس بی سی اے ڈائریکٹر پبلک سیل ایڈورٹائزنگ اینڈ کمپلینٹ ایس بی سی اے ، ڈائریکٹر آئی اینڈ بی ایس ، ایس بی سی اے اور متعلقہ ڈسٹرکٹ کے ڈائریکٹر کمیٹی میں شامل کئے گئے ہیں۔