بھارت،پاکستان میں دہشتگردوں کی سرپرستی کررہا،لیاقت بلوچ
کندھ کوٹ(نمائندہ دنیا)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سیکریٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اللہ رب العالمین نے حضرت محمد مصطفیٰ ؐ کا ذکر کائنات،ارض و سما میں بلند کردیاہے ۔
اللہ کی باغی قوتیں اسلام، قرآن اور حضرت محمد مصطفیٰ ؐ کی ذاتِ گرامی سے خوفزدہ ہیں۔انسانوں پر غالب دیگر عالمی تہذیبیں ناکام و نامراد ہوچکی ہیں۔کندھ کوٹ میں عشق مصطفی ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ ماہ ربیع الاول کے دوران اہل اسلام اورنبی رحمت ؐ کے چاہنے والوں نے بحر و بر میں ان ؐ کا ذکر بلند کیاہے ،امت محمد ی ؐ کو چاہیے کہ وہ اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں اور شیطانی حربوں کا جواب تفرقوں کے بجائے اتحادِ امت کے جذبے سے دے ۔ پوری امت نظامِ مصطفی ؐ کے نفاذ کو اپنی سمت اور منزل بنالے ۔کشمیر و فلسطین کے مظلوم انسانوں کی آزادی کے لیے ملتِ اسلامیہ کو اپنا فرض ادا کرنا ہوگا ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان اسلامی، فلاحی، انقلابی نظام کے نفاذ کے لیے قائم ہواتھا ۔ اسلام، قرآن و سنت اور آئین کی بنیادوں سے انحراف کی وجہ سے ذلت و رسوائی ہمارا مقدر بنی ہوئی ہے ۔ معاشرتی اصلاح، معاشی خودانحصاری کا حصول ا سی وقت ممکن ہے کہ جب کشکول توڑ دیا جائے ، نیت، ارادہ اور عزم ہی ہمیں ذلت و رسوائی کی دلدل سے نجات دِلاسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مستونگ دھماکے اور ہنگو حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ بھارت ،پاکستان میں دہشت گردوں کی سرپرستی کررہا ہے ،سیکیورٹی اداروں میں کمزوریاں ختم کرکے دہشت گردی کے نیٹ ورک کو توڑا جائے ۔انہوں نے مزید کہاکہ عوام کی جان و مال کی حفاظت ریاست کی اولین ذمہ داری ہے ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی امیرمحمد حسین محنتی،حافظ نصراللہ چنا،عبدالحفیظ بجارانی اورغلام مصطفی میرانی نے بھی خطاب کیا۔