اندرون سندھ میلاد النبی ؐ عقیدت واحترام سے منایاگیا

 اندرون سندھ میلاد النبی ؐ عقیدت واحترام سے منایاگیا

لاڑکانہ، اندرون سندھ (بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا)سندھ کے مختلف شہروں میں میلاد النبی ؐ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں لاڑکانہ میں پاکستان سنی تحریک، اصلاح الفقرہ حسینیہ نقشبندیہ پاکستان،تحریک لبیک پاکستان، جمعیت علمائے پاکستان سمیت مختلف مذہبی و سماجی تنظیموں کی جانب سے چھوٹے بڑے جلوس نکالے گئے۔۔

جن میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی جب کہ لاڑکانہ پولیس نے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے ۔ محراب پور میں بھی میلاد النبی ؐ روایتی جوش وجذبے کیساتھ منایاگیا۔ خان واہن، کوٹری کبیر،محبت ڈیرو جتوئی، ہالانی سے جلوس نکالے گئے۔ میہڑ میں عید میلاد النبی ؐ کا مرکزی جلوس جامعہ مسجد اکبریہ سے جماعت اہل سنت کی جانب سے نکالا گیا۔اس موقع پر علمائے کرام نے خطاب میں کہا کہ ہم سیرت النبی ؐ پر چل کر ہی اپنی دنیا اور آخرت سنوار سکتے ہیں ۔ مرکزی عید گاہ پر لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔ باندھی میں جشن میلاد النبی ؐ کے موقع پر مرکزی عیدگاہ سے ریلی نکالی گئی،ریلی پر جگہ جگہ پھول نچھاور کیے گئے۔ روہڑی بھی میلاد النبی ؐ کے موقع پر درود و سلام کی صداؤں سے گونج اٹھا۔12ربیع الاول کو مختلف علاقوں سے جلوس برآمد ہوئے ۔ اس کے علاوہ حیدرآباد،سکھر ، جھڈو ،کنڈیارو ،ٹنڈو محمد خان،سجاول میں بھی جشنِ میلاد النبی ؐ کی مناسبت سے ریلیاں اور جلوس نکالے گئے ۔اس موقع پر شرکا ء نے حضور اکرم ؐ سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں