جماعت اسلامی اہل کراچی کی موثرآوازبنی،حافظ نعیم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے اہل کراچی کے مسائل کے حل کے لیے مسلسل جدوجہد کی ہے اور کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کی موثر اور توانا آواز بنی، ہمارے منتخب نمائندے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے ۔۔
ملک میں موجودہ سیاسی حالات و معاشی بدحالی کی ذمہ دار وہ پارٹیاں ہیں جو اقتدار میں رہی ہیں۔ حکمران ٹولے سے نجات حاصل کرنے اور بجلی و پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف ہماری احتجاجی تحریک جاری ہے 6اکتوبر کو گورنر ہاؤس سندھ پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو فاران کلب میں خواتین کونسلرز کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے نائب امیرجماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ،سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی، ناظمہ کراچی اسماء سفیر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔اجلاس میں ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب،مرکزی نگراں سیاسی سیل طیبہ عاطف،نگراں سیاسی سیل کراچی جاویداں فہیم بھی موجودتھیں۔حافظ نعیم نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی کے منتخب ٹاؤن و یوسی چیئرمینز اور مردو خواتین کونسلرز اپنے پلیٹ فارم کو زیادہ سے زیادہ وسیع کریں اور عام لوگوں کو بالخصوص نوجوانوں کو کاموں میں شریک کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے غبارے میں ایک بار پھر ہوا بھرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو اب کسی صورت ممکن نہیں ہے ۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے اجلاس میں بلدیاتی نظام اور خواتین کونسلرز کی ذمہ داریوں کے حوالے سے گفتگوکی۔