جہانگیر ، جمشید، کلیٹن اور مارٹن کوارٹرز کی جگہ نئے اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کی منظوری

جہانگیر  ،  جمشید،  کلیٹن  اور  مارٹن  کوارٹرز  کی  جگہ  نئے  اپارٹمنٹس  تعمیر  کرنے  کی منظوری

کراچی(اسٹاف رپورٹر،اے پی پی)نگراں وزیر اعلی سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے محکمہ پی اینڈ ڈی اور محکمہ خزانہ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اربن ری جنریشن پلان کے تحت جہانگیر کوارٹرز، جمشید، کلیٹن اور مارٹن کوارٹر زکی جگہ نئے اپارٹمنٹس کی تعمیرات کی منظوری دے دی۔

وزیراعلی ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں چیئرمین محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ (پی اینڈ ڈی )شکیل منیجو،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری حسن نقوی، سیکرٹری خزانہ کاظم جتوئی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔نگراں وزیراعلی ٰ کو بتایا گیا کہ جہانگیر کوارٹرز، جمشید کوارٹرز، کلیٹن اور مارٹن کوارٹرز کے رقبے پر شہری آبادی کی ترقی کے لیے منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور اس حوالے سے عالمی بینک نے کوارٹرز کی جگہ اپارٹمنٹس بنانے کی فزیبلیٹی پر کام شروع کردیا ہے ۔نگراں وزیراعلی ٰنے کہا کہ اس سے متاثرہ افراد کی بحالی عمل میں لائی جائے گی اور کوارٹرز کی جگہوں پر نئے اپارٹمنٹس، پارکس، لائبریریز، شاپنگ مالز، عوامی بیٹھک، تعلیمی ادارے اور دفاتر قائم کیے جائیں گے ، نئی منصوبہ بندی سے نہ صرف اس علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ لوگوں کو بہترین رہائش بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ پی اینڈ ڈی کو ہدایت کی کہ وہ اربن ری جنریشن پلان پر عملدرآمد کو تیز کرے ۔ علاوہ ازیں نگراں وزیراعلیٰ نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہر میں میونسپل مجسٹریٹس اور انسپکٹرز کی تعیناتی، صنعتکاروں پرسندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکے واجبات کی ادائیگی، جام چاکرو میں لینڈ فل سائٹ پلاٹ کوکسی پرائیویٹ شخص کو الاٹ کرنے پر تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ انہوں نے محکمہ بلدیات اور دیگر محکموں کو بھی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ تمام میگا پراجیکٹس کے جاری کام اور انسپکشن کی نگرانی کے لیے کیمرے نصب کرکے ان کی ریکارڈنگ کریں تاکہ کوتاہیوں، نااہلیوں اور غفلت کی تصدیق کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ سینئر افسران سائٹس پر اپنے کیمپ آفس قائم کریں تاکہ جاری کاموں کی کارکردگی کی نگرانی کی جا سکے ۔اجلاس میں نگراں وزیر بلدیات مبین جمانی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر نے شرکت کی۔نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ دو بار شہر کا دورہ کرچکے ہیں لیکن سڑکوں کے کناروں یا گرین بیلٹ ایریا میں گندگی اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے ہیں جو قابل قبول نہیں ۔ لہٰذاسندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکو ہفتہ وار صفائی کے کام کا معائنہ کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دینی چاہئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں