برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کو ماڈل اسٹریٹ بنائیں گے ،آغا فخر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ امتیاز شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین اور منیجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ امتیاز شاہ کا استقبال کیا۔اس موقع پر بچ جانے والی کھانے پینے کی اشیا کی ری سائیکلنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کو ماڈل فوڈ اسٹریٹ بنانا چاہتی ہے ۔ اس مقصد کے حصول کے لئے برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ پر دو طرح کے سبز رنگ کے ڈبے رکھے جائیں گے ۔ ایک ڈبے میں بچ جانے والی کھانے پینے کی اشیا جمع کی جائیں گی جبکہ دوسرے ڈبے میں نہ کھائی جانے والی اشیا جمع کی جائیں گی ۔ آغا فخر حسین نے مزید کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی گاڑیاں ان اشیا کوجمع کریں گی اوران اشیا کو ری سائیکلنگ کرکے بطور کھاد استعمال کیا جائے گا ۔ برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کی ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے سندھ فوڈ اتھارٹی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے اس منصوبے کو سراہتے ہوئے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔