پوسٹ آفس میں لوٹ مار،چور4لاکھ روپے لے اڑے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں تالہ توڑ گروپ کی ایک اور واردات ، پوسٹ آفس کو بھی نابخشا، رات گئے 4 لاکھ روپے لے اڑے ۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر بلاک 14 میں قائم پوسٹ آفس میں رات گئے ملزمان نے پوسٹ آفس کا لاکر توڑ ڈالا۔متعلقہ ایس ایچ او کے مطابق چوری کا واقعہ رات گئے پیش آیا۔
پوسٹ آفس عملہ صبح دفتر پہنچا تو واردات کا علم ہوا۔ واقع کی اطلاع پولیس کو دی گئی جس کے بعد کرائم سین یونٹ کی ٹیم کو طلب کرلیا گیا۔ ایس ایچ او فہد الحسن کے مطابق پوسٹ آفس کے عقب میں خالی پلاٹ موجود ہے جہاں سے ملزمان دیوار پھلانگ کر داخل ہوئے۔ پوسٹ آفس کی کھڑکی پر نصب لوہے کی گرل بھی ٹوٹی ہوئی ہے جب کہ پوسٹ آفس میں سی سی ٹی وی کا کوئی بھی انتظام نہیں ۔ پوسٹ آفس کے اطراف میں لگے کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں جب کہ کرائم سین یونٹ کی جانب سے موقع سے فنگرپرنٹس محفوظ کرلئے گئے ۔ فہد الحسن کے مطابق پوسٹ آفس کا عملہ نقصان کا تخمینہ لگا کر مقدمہ درج کروائے گا۔