جامعہ کراچی :ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام میں 80داخلے

جامعہ کراچی :ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام میں 80داخلے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی نے 80امیدواروں کودنیا بھر میں معروف ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام برائے 2023ء میں داخلے دیے ہیں۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق بین الاقوامی مرکز کے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام برائے 2023ء کے تحت منعقدہ داخلہ ٹیسٹ میں سیکڑوں کی تعداد میں اُمیدواروں نے شرکت کی تھی جس میں سے 80امیدواروں کو انٹرویو کے بعدمیرٹ کی بنیاد پر کامیاب قرار دے کرایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلے دیے گئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ دیئے گئے کُل80داخلوں میں سے 57داخلے ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری جامعہ کراچی میں اور23داخلے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)جامعہ کراچی میں دیے گئے ہیں، کُل80داخلوں میں35ایم فل اور45پی ایچ ڈی کے طالب علم شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایچ ای جے انسٹیٹیوٹ میں25ایم فل اور 32پی ایچ ڈی میں داخلے دیے گئے ہیں جبکہ ڈاکٹر پنجوانی سینٹر میں10ایم فل اور13پی ایچ ڈی میں داخلے دیے گئے ہیں۔ یہ داخلے نامیاتی کیمیاء، تجزیاتی کیمیاء، طبعیاتی کیمیاء، غیر نامیاتی کیمیاء، حیاتی نامیاتی کیمیاء، فارماکولوجی، اور مالیکیولر میڈیسن بشمول مالیکیولر اینڈ سیلولر حیاتیات اور مالیکیولر پیتھولوجی میں دیے گئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں